’’وزیراعلیٰ خود روزگار سکیم‘‘بے سہاروں کا سہارابن گئی

شاندار پروگرام پر وزیراعلیٰ کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں،بلاسود قرض حاصل کرنے والوں کا اظہار خیال

منگل 5 جنوری 2016 20:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔05 جنوری۔2016ء)بادشاہی مسجد میں وزیراعلیٰ خو د روزگار سکیم کے حوالے سے بلاسود قرضوں کی فراہمی کی تقریب کے دوران سکیم سے مستفید ہونے والے مرد و خواتین نے خود روزگار سکیم پر شہبازشریف کوزبردست انداز میں خراج تحسین پیش کیا ۔ غریب خاتون صفیہ بی بی نے تقریب میں اپنی داستان سناتے ہوئے کہاکہ بلاسود قرض نے میری زندگی بدل دی ہے اور آج میں برے حالات سے نکل کر اپنے پاؤں پر کھڑی ہوچکی ہوں۔

میرے بچے بھی عزت کی زندگی بسر کررہے ہیں اوریہ سب بلاسود قرض کی فراہمی کی بدولت ہوا۔میں سمجھتی ہوں کہ وزیراعلیٰ خود روزگار سکیم بے سہاروں کیلئے سہارا ہے اور اس پر وزیراعلیٰ شہبازشریف مبارکباد کے مستحق ہے جن کا دل غریبوں کے ساتھ دھڑکتا ہے ۔

(جاری ہے)

میں وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کی شکر گزار ہوں جنہوں نے بلا سود قرضوں کی فراہمی کی سکیم شروع کی اورہم جیسے بے سہاروں کو سہارا دیا۔

قرض حسنہ حاصل کرنے والے رمضان نے کہا کہ وزیراعلیٰ شہبازشریف کی بلاسود قرضوں کی فراہمی کے پروگرام کے باعث میں آج باعزت روزگار کمانے کے قابل ہوا ہوں اور اﷲ تعالیٰ کا شکر ہے کہ ہم عزت کی زندگی جی رہے ہیں ۔’’وزیراعلیٰ خود روزگار سکیم‘‘ شروع کرنے پر شہباز شریف مبارکباد کے مستحق ہیں۔اﷲ تعالیٰ انہیں ایسے فلاحی پروگرام شروع کرنے کی مزید ہمت دے۔

تقریب میں موجود دیگرمرد و خواتین نے بھی خود روزگار سکیم کو بے روزگار ی اورغربت کے خاتمے کا شاندار پروگرام قرار دیتے ہوئے کہا کہ شہبازشریف نے ہی غریبوں کا درد محسوس کیا ہے اوربلاشبہ یہ پروگرام لاکھوں افراد کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے میں مددگار ثابت ہوا ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ شہبازشریف کی جانب سے اس پروگرام کیلئے اربوں روپے مزید فراہم کرنے کا اعلان خوش آئندہے جس سے مزید لاکھوں گھرانے مستفید ہوں گے۔