ایف آئی اے نے انسانی سمگلنگ کے دھندے میں مبینہ طور پر 6 افراد کو گرفتارکرلیا

منگل 5 جنوری 2016 20:35

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔05 جنوری۔2016ء) ایف آئی اے نے راولپنڈی اور لاہو ر میں دو مختلف کارروائیوں کے دوران انسانی سمگلنگ کے دھندے میں مبینہ طور پر 6 افراد کو گرفتارکرلیا ۔ایف آئی اے کے ڈائریکٹرانعام غنی کی طرف سے جاری بیان کے مطابق صدر میں واقع بیکری اور چوہڑ چوک سے 2انسانی اسمگلر گرفتارہوئے۔

(جاری ہے)

بیکری سے گرفتار ملزم کا نام یاسر اورتعلق مظفرآباد سے ہے، چوہڑ چوک سے نوشہرہ کلاں خیبرپختونخواکے رہائشی ملزم حق نواز کو گرفتارکیا گیا، ملزم حق نواز سے 19پاسپورٹ اور 5جعلی ڈرائیونگ لائسنس بھی برآمد ہوئے‘ایف آئی اے انسداد انسانی اسمگلنگ سیل لاہور نے بھِی 4انسانی اسمگلر گرفتار کیے ہیں۔

گرفتار ملزمان میں محمد اسلم ، سلمان اسلم ، تصور عباس اور عرفان بشیر شامل ہیں۔عرفان بشیر پہلے سے درج ایف آئی آر میں مطلوب تھا۔