جنرل راحیل شریف کوفیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دی جائے،جہاد کے نام پر مسلمانوں کے گلے کاٹنے والے خارجی ہیں،حامد رضا

منگل 5 جنوری 2016 21:31

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔05 جنوری۔2016ء) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ جنرل راحیل شریف کوفیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دی جائے۔جہاد کے نام پر مسلمانوں کے گلے کاٹنے والے خارجی ہیں۔ فرقہ واریت امت مسلمہ کیلئے زہر قاتل ہے۔عالمی سازش کے تحت تکفیریت اور خارجیت کو فروغ دیا جارہا ہے۔پاکستان میں داعش کا وجود فسانہ نہیں حقیقت ہے۔

ایران سعودی کشیدگی سے اسلام دشمن طاقتوں کو فائدہ پہنچے گا۔ حکمرانوں کے ایوان گرم اور عوام کے چولہے ٹھنڈ ے ہو چکے ہیں۔ ملک میں کرپشن کا بازار گرم ہے اور بد عنوانی کے نئے ریکارڈ قائم ہورہے ہیں۔ حکمران جنرل راحیل شریف کی مقبولیت سے خوف زد ہ ہیں۔ پاک فوج ملک کے بہتر مستقبل کیلئے قربانیاں دے رہی ہے اور حکمران سو رہے ہیں۔

(جاری ہے)

حکومت کی ترجیحات میں تعلیم اور صحت شامل نہیں۔

سال بدل گیا لیکن غریب عوام کی تقدیر نہ بدل سکی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تنظیم المساجد پاکستان کے عہدیداران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ سیاست میں پیسہ بنانے والوں پر سیاست کے دروازے بند ہونے چاہئیں۔ عوامی مسائل کے حل کے دعویدار حکمران تین برسوں میں گیس اور بجلی کے بحران پر قابو نہیں پاسکے۔انہوں نے کہا کہ حکومتی غفلت کی وجہ سے داعش پاکستان میں جڑیں پکڑ رہی ہے۔

اس فتنہ کو پھیلنے سے پہلے ہی کچلا جائے۔ کراچی آپریشن پر حکومت کسی دباؤ کو خاطر میں نہ لائے۔انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے ضرب علم کی ضرورت ہے۔مسلم ممالک ایران اور سعودی عرب کے سفارتی تعلقات بحال کر وائیں۔ پاکستان ایران سعودی کشیدگی میں فریق کے بجائے ثالث کا کردار ادا کرے۔

متعلقہ عنوان :