رواں مالی سال کے اختتام تک ٹیکس وصولی کا ٹارگٹ پورا کرلیں گے‘ وزیر خزانہ پنجاب

بدھ 6 جنوری 2016 16:24

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔06 جنوری۔2016ء) صوبائی وزیر خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا نے کہا ہے کہ ملکی معیشت کے استحکام اور غربت سے نجات کے لیے ضروری ہے کہ تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد اپنے ذمہ واجب الادا ٹیکس بروقت ادا کریں، اس حوالے سے پنجاب ریونیو اتھارٹی اپنی ذمہ داری پوری ایمانداری سے نبھا رہی ہے اس سال پنجاب میں ٹیکس وصولی کی شرح ساڑھے تین ارب سے بڑھ کر 5ارب روپے ماہانہ تک پہنچ گئی ہے جو یقینا ایک بڑی کامیابی ہے،انہیں یقین ہے کہ پنجاب ریونیو اتھارٹی کی شبانہ روز محنت کے نتیجہ میں رواں مالی سال کے اختتام تک ہم ٹیکس وصولی کا اپنا ٹارگٹ پورا کرلیں گے۔

ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا نے پنجاب خود روزگار سکیم کے تحت غریب عوام کو بلاسود قرضوں کے اجراء کی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب غربت میں کمی اور بے روزگاری کے خاتمے کے لیے ہر ممکن تدبیر عمل میں لارہی ہے بلاسود قرضوں کی فراہمی بھی اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے۔ کیبل آپریٹرز کے مطالبات کے حوالے سے سوال کے جواب میں ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا نے کہا کہ کیبل آپریٹرز کی سروسز پر عائد ٹیکس کے مسئلہ پر بات ہوسکتی ہے اگر وہ بھی ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے دیگر مدات میں اپنے واجب الادا ٹیکس اد اکریں ۔

صوبائی وزیر نے میڈیا نمائندگان کو بتایا کہ حکومت پنجاب نے نیشنل فنانس کمیشن کی تشکیل نو کے لیے اپنے ٹیکنیکل ممبر کا انتخاب کرلیا ہے جس کی دستاویز گورنر پنجاب سے منظوری کے بعد وفاقی حکومت کو بھجوا دی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :