وفاقی و صوبائی حکومتیں چائلڈ لیبر کے قوانین اور قواعد و ضوابط پر سختی سے عمل درآمد کروائیں ‘ لاہور چیمبر

بدھ 6 جنوری 2016 16:35

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔06 جنوری۔2016ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایگزیکٹو کمیٹی رکن راجہ عدیل اشفاق نے وفاقی و صوبائی حکومتوں پر زور دیا ہے کہ وہ چائلڈ لیبر کے قوانین اور قواعد و ضوابط پر سختی سے عمل درآمد کروائیں کیونکہ بچوں کا استحصال کسی صورت بھی قابل قبول نہیں ہے۔ ایک بیان میں راجہ عدیل اشفاق نے کہا کہ بچوں کے خلاف بڑھتے ہوئے جرائم اور گھریلو تشدد نہ صرف انسانیت کے منافی ہے بلکہ اس سے عالمی سطح پر ملک کی ساکھ بھی بہت بْری طرح متاثر ہورہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چائلڈ لیبر نہ صرف ایک بہت بڑا سماجی مسئلہ اور بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے بلکہ اس کا تعلق براہِ راست ملک کی بیرونی تجارت سے بھی ہے کیونکہ بالخصوص مغربی ممالک اْن ممالک کے ساتھ تجارت سے گریزاں ہیں جہاں چائلڈ لیبر کے قوانین پر عمل درآمد نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ جی ایس پی پلس سٹیٹس کے تناظر میں چائلڈ لیبر قوانین پر عمل درآمد کرانا بہت ضروری ہے وگرنہ یورپین یونین کے ساتھ تجارت کا عمل متاثر ہوگا۔ انہوں نے بچوں پر جسمانی تشدد کی سختی سے مذمت کرتے ہوئے کہا کہ گھروں میں ملازم بچوں پر تشدد اور بچوں کی جبری مشقت کے مسائل پر قابو پانے کے لیے حکومت،نجی شعبہ اور عوام کو مل کر مہم چلانی چاہیے ۔

متعلقہ عنوان :