ایان علی کرنسی سمگلنگ کیس،کسٹم کورٹ نے آئندہ سماعت پر دلائل ہر صورت مکمل کرنے کا حکم دیدیا

بدھ 6 جنوری 2016 19:00

ایان علی کرنسی سمگلنگ کیس،کسٹم کورٹ نے آئندہ سماعت پر دلائل ہر صورت ..

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔06 جنوری۔2016ء) ماڈل ایان کے خلاف کرنسی سمگلنگ کیس میں کسٹم کورٹ نے آئندہ سماعت پر دلائل ہر صورت مکمل کرنے کا حکم دے دیا۔ مقدمے کی سماعت چھبیس جنوری تک ملتوی کردی گئی۔ ماڈل ایان علی کرنسی سمگلنگ کیس میں کسٹم کورٹ کے جج رانا آفتاب خان کی عدالت میں پیش ہوئیں۔ کسٹم کی طرف سے 9 گواہ بھی عدالت میں پیش ہوئے۔

(جاری ہے)

ماڈل ایان علی کی وکیل شائستہ نے عدالت کو بتایا کہ فرد جرم عائد کرنے کے حوالہ سے کسٹم عدالت کے حکم کو ہائی کورٹ میں چیلنج کیا ہوا ہے اور تمام ریکارڈ بھی عدالت عالیہ کو بھجوایا جاچکا ہے۔ اس لیے گواہوں کے بیانات ریکارڈ نہیں ہو سکتے۔ کسٹم کی طرف سے منی لانڈرنگ کے مقدمہ کے اندراج کے حوالہ سے وکیل شائستہ کا کہنا تھا کہ اس پر دلائل قانونی ٹیم کے سیئنر رکن لطیف کھوسہ دیں گے۔ جج رانا آفتاب نے ریمارکس دیئے کہ دس ماہ سے درخواست زیر سماعت ہے، آئندہ سماعت پر ہر صورت دلائل دیئے جائیں جس پر جونئیر وکیل شائستہ نے آئندہ سماعت پر دلائل دینے کے حوالہ سے بیان حلفی عدالت میں پیش کردیا۔ عدالت نے دونوں امور پر سماعت 26 جنوری تک ملتوی کردی۔

متعلقہ عنوان :