حکمران نج کاری کی آڑ میں پاکستان فروخت کر رہے ہیں،مزدور خود کو تنہا نہ سمجھیں :سراج الحق

بدھ 6 جنوری 2016 21:03

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔06 جنوری۔2016ء) حکمران نج کاری کی آڑ میں پاکستان کو فروخت کررہے ہیں ۔ آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کی ایماء پر قومی اداروں کی نیلامی کی جارہی ہے ۔ملک بھر کے لاکھو ں عوام کو مزدوروں اور محنت کشوں کی پشت پر کھڑا کریں گے ۔پاکستان کے مزدور خود کو تنہا نہ سمجھیں ۔ ہم خون کے آخری قطرے او ر آخری سانس تک محنت کشوں کا ساتھ دیں گے ۔

اسلامی نظام کے ذریعے ہی محنت کشوں کو فلاح اور کامیابی حاصل ہوگی اور پاکستان میں بھی خوشحالی آئے گی ۔ جماعت اسلامی کے مرکزی میڈیا سیل کے مطابق ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کے تحت ریلوے اسٹیڈیم کراچی سٹی اسٹیشن پر عظیم الشان ”اینٹی نج کاری مزدور کنونشن “سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اسد اللہ بھٹو ،نیشنل لیبرفیڈریشن پاکستان کے مرکزی صدر رانا محمود علی خان ،پریم یونین کے صدر اور این ایل ایف کے مرکزی سکریٹری جنرل حافظ سلمان بٹ ، امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن ،پریم یونین کے جنرل سکریٹری خیرمحمد تونیو ،پیاسی یونین پی آئی اے کے صدر عبید اللہ ،پیغام یونین ورلڈ کے صدرایس ڈی ثاقب ودیگر نے بھی خطاب کیا ۔

مزدور اور محنت کش بڑی بڑی ریلیوں اور جلوسوں کی شکل میں پنڈال میں پہنچے ۔کنونشن میں مختلف اداروں کے ملازمین اور مزدوروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور نج کاری کے خلاف ہونے والا یہ کنونشن نج کاری کے خلاف مزدوروں کا تاریخی اور بہت بڑا کنونشن ثابت ہوا ۔سراج الحق نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ خود ایک مزدور کے بیٹے ہیں اور خود انہوں نے تعلیم کے حصول کے لیے محنت اور مزدوری کی ہے ۔

مزدوروں کے مسائل ان سے بہتر کوئی نہیں جانتا ۔سراج الحق نے کہا کہ بڑے بڑے مگر مچھ اقتدار کے محلوں اور اسمبلیوں میں بیٹھے ہوئے ہیں اور محنت کشوں کا استحصال کررہے ہیں ۔محنت کشوں کو اپنے حقوق کے لیے بغیر کسی رنگ ونسل اور تفریق کے متحد ہونا ہوگا ۔اسٹیل مل ۔ پی آئی اے ریلوے اور واپڈا کی تباہی کے ذمہ دار کرپٹ حکمران ہیں ۔محنت کشوں کا قومی اداروں کی تباہی میں کوئی ہاتھ نہیں ہے ۔

ضرورت اس امر کی ہے کہ کارخانے کے منافع میں اور کھیت کے منافع میں مزدور اور کسان کو بھی شامل کیا جائے ۔این ایل ایف کے صدر رانا محمود علی خان اور حافظ سلمان بٹ کسی رنگ و نسل اور زبان و علاقہ کسی امتیاز کے بغیر محنت کشوں اور مزدوروں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کررہے ہیں ۔سراج الحق نے کہا کہ پاکستان کا آئین غریبوں کو مکان ،تعلیم اور صحت کی فراہمی کا حق دیتا ہے لیکن نااہل حکمرانوں نے غریبوں کا استحصال کیا ہے اور قائد اعظم کی رحلت کے بعد سے ہی اس ملک پر کرپٹ نوکر شاہی ،جاگیرداروں ،طالم وڈیروں اور سرمایہ داروں کا قبضہ ہوگیا ۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں عظیم الشان مزدور کنونشن قومی اداروں کی نج کاری کے خلاف جماعت اسلامی کی تحریک کا آغاز ہے یہ کنونشن مزدوروں کے اتحاد ویکجہتی اور ان کی قوت اور طاقت کا اظہار ہے۔ جو مزدور وں سے ٹکرائے گا وہ پاش پاش ہوجائے گا ۔وزیر اعظم نواز شریف مسلمانون کے دشمن نریندر مودی کو فون کرکے دوستی کررہے ہیں ۔وزیر اعظم صاحب کو دوستی مودی سے نہیں بلکہ اپنے ملک کے عوام اور مزدوروں سے کرنی چاہیے ۔

انہوں نے کہا کہ میں نج کاری کے خلاف تحریک اور جدو جہد میں مزدوروں کے ساتھ کھڑا ہوں مزدوروں کے ساتھ جینا اور مرنا چاہتا ہوں ۔انہوں نے کہا کہ سودی نظام نے معیشت کو تباہ کر کے رکھ دیا ہے سودی نظام کے خلاف جدو جہد کرنا جہاد ہے ۔انہوں نے کہا کہ 5ماہ ہوگئے ہیں۔ اسٹیل مل کے محنت کشوں کو ابھی تک تنخواہیں نہیں ملی ہیں وزیر اعظم کے دل میں گوشت کاٹکڑا نہیں بلکہ لوہے کا ٹکڑا ہے ۔

اسد اللہ بھٹو نے کہا کہ قومی اداروں کی نج کاری کے خلاف محنت کشوں کو متحد ہو کر میدان عمل میں نکلنا ہوگا اور پوری قوت کے ساتھ مزدور دشمن قوتوں کے سامنے کلمہ حق بلند کرنا ہوگا ۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ نج کاری مسائل کا حل نہیں ہے کراچی میں کے الیکٹرک کی نج کاری کر کے عوام کو پریشان کیا گیا اور اداروں کو تباہ وبرباد کردیا گیا ہے ۔

رانا محمود خان نے کہاکہ نوازشریف حکومت نے ہمیشہ مزدوروں کا استحصال کیا اور قومی اداروں کو اونے پونے داموں فروخت کیا گیا۔حافظ سلمان بٹ نے اپنی پرجوش تقریر میں کہا کہ ہم قومی ادارون کو کسی قیمت پر فروخت نہیں ہونے دیں گے ۔اہل اقتدار کان کھول کر سن لیں کہ مزدوروں نے آج نج کاری کے خلاف فیصلہ دے دیا ہے اگر ہمارا گلا دبایا گیا تو حکمرانوں کو بھی چین سے نہیں رہنے دیں گے ۔

این ایل ایف سندھ کے صدر سید نظام الدین شاہ نے کہا کہ محنت کش اپنے حقوق کے لیے بڑی سے بڑی قربانی دینے کے لیے تیار ہیں ۔این ایل ایف پنجاب کے صدر ملک عبد العزیز نے کہا کہ لاہور اور کراچی کے بعد اب محنت کش اب اسلام آباد کا گھیراوٴ کریں گے ۔این ایل ایف بلوچستان کے صدر عبد الرحیم میر دادخیل نے کہا کہ محنت کش اپنے حقوق کے لیے جیل بھرو تحریک کا آغاز کریں گے ۔

متعلقہ عنوان :