کرس گیل پر بگ بیش لیگ کے دروازے بند کرنے کی تیاریاں شروع

جمعرات 7 جنوری 2016 11:51

کرس گیل پر بگ بیش لیگ کے دروازے بند کرنے کی تیاریاں شروع

سڈنی (اردو پوا ئنٹ تازہ ترین اخبار7جنوری- 2016ء) جارح مزاج ویسٹ انڈین بلے باز کرس گیل کا بگ بیش میں خاتون ٹی وی رپورٹر کے ساتھ فلرٹ کا واقعہ منظر عام پر آنے کے بعد آسٹریلیا میں شور مچا ہوا ہے جس کے بعد بگ بیش انتظامیہ کی جانب سے گیل پر لیگ کے دروازے بند کرنے کی بھی تیاریاں ہورہی ہیں . میلبورن رینیگیڈز کے منیجر انتھونی ایورارڈ نے بھی گیل سے بات کی ہے، ذرائع کے مطابق لیگ کی ساکھ کو بچانے کیلیے 36 سالہ بلے باز ایونٹ سے الگ کیا جا سکتا ہے ۔

حالیہ واقعے کے بعد کئی خواتین صحافیوں کو بھی اپنے ساتھ بُرا برتائو یاد آگیا ہے ، ایک خاتون نے ویسٹ انڈین کرکٹر پر ورلڈ کپ 2015ء کے دوران انتہائی گھٹیا حرکت کرنے کا بھی الزام عائد کردیا ۔ فاکس سپورٹس کی رپورٹر نیرولی نے کہاکہ کرس گیل تسلسل کے ساتھ ایسی حرکتیں کررہے ہیں ، وہ قابل نفرت اور ان کا طرز عمل بھی نفرت انگیز ہے۔

(جاری ہے)

چینل نائن کی رپورٹر یووینی نے کہا کہ انہیں ٹویٹر کے ذریعے ایک نوٹیفکیشن ملا جس میں گیل نے کہا کہ وہ ان کے کسی انٹرویو کو دیکھ کر کافی متاثر ہوئے اور انکے ساتھ باہر ڈنر کرنا چاہتے ہیں ، انہیں لگتا ہے کہ گیل عورتوں کے پیچھے پڑے رہنے والا مرد ہے۔

ادھر ایک خاتون نے الزام لگایا کہ سڈنی میں ورلڈ کپ کے دوران گیل نے انتہائی شرمناک حرکت کی تھی ۔ دوسری جانب کرس گیل کے ایجنٹ سائمن اوتیری نے ان تمام الزامات کو یکسر مسترد کرتے ہوئے قانونی چارہ جوئی کا عندیہ دے دیا ہے ۔