ویسٹرن آسٹریلیا الیون اور بھارتی کرکٹ ٹیم کے درمیان پہلا ٹور میچ کل کھیلا جائیگا

جمعرات 7 جنوری 2016 13:50

ویسٹرن آسٹریلیا الیون اور بھارتی کرکٹ ٹیم کے درمیان پہلا ٹور میچ کل ..

پرتھ ۔ 06 جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔07 جنوری۔2016ء) ویسٹرن آسٹریلیا الیون اور بھارتی کرکٹ ٹیم کے درمیان پہلا ٹور میچ کل جمعہ کو پرتھ کے مقام پر کھیلا جائیگا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹور میچ 9 جنوری کو اسی مقام پر کھیلا جائیگا۔ بھارتی ٹیم ان دنوں آسٹریلیا میں موجود ہے جہاں وہ میزبان ٹیم کے خلاف پانچ ایک روزہ اور تین ٹی ٹونٹی بین الاقوامی کرکٹ میچوں کی سیریز کھیلے گی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈے سیریز کا آغاز 12 جنوری سے ہو گا۔ آسٹریلیا پہنچنے پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بھارتی ٹیم کے قائد دھونی نے کہا ہے کہ دورہ آسٹریلیا انتہائی اہمیت کا حامل ہے، کینگروز ہوم گراؤنڈ پر ہمیشہ خطرناک حریف ثابت ہوئے ہیں لیکن ہم ڈٹ کر مقابلے کیلئے تیار ہیں، ٹیم میں شامل نوجوان کھلاڑیوں کے پاس ڈومیسٹک ٹورنامنٹ میں کامیابی کے بعد آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں اپنی صلاحیتوں کو منوانے کا سنہری موقع ہے، امید ہے کہ وہ اپنی سلیکشن کو درست ثابت کریں گے۔

(جاری ہے)

ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں کم وقت رہ گیا ہے اور دورہ آسٹریلیا میگا ایونٹ کی تیاری کے سلسلے میں بہت اہم اور مفید ثابت ہو گا۔ واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ون ڈے کرکٹ میچ 12 جنوری کو پرتھ، دوسرا میچ 15 جنوری کو برسبین، تیسرا میچ 17 جنوری کو میلبورن، چوتھا میچ 20 جنوری کو کینبرا جبکہ پانچواں اور آخری ون ڈے میچ 23جنوری کو سڈنی میں کھیلا جائیگا۔ پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹی ٹونٹی میچ 26 جنوری کو ایڈیلیڈ، دوسرا میچ 29 جنوری کو میلبورن جبکہ تیسرا اور آخری ٹی ٹونٹی کرکٹ میچ 31جنوری کو سڈنی میں کھیلا جائیگا۔

متعلقہ عنوان :