سعودی عرب پر میزائل داغنے کی کوشش ناکام ، بیلسٹک میزائل صنعا شہر کے اوپر ہی ددھماکے سے پھٹ گیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 7 جنوری 2016 14:08

سعودی عرب پر میزائل داغنے کی کوشش ناکام ، بیلسٹک میزائل صنعا شہر کے ..

سعودی عرب (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 07 جنوری 2016 ء) : سعودی عرب پر میزائل داغنے کی کوشش ناکام ہو گئی ، تفصیلات کے مطابق عرب اتحادی افواج کے مطابق حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب کی سمت میں ایک بیلسٹک میزائل فائر کیا گیا جو صنعاء شہر کے اُوپر فضا میں ہی دھماکے سے پھٹ گیا۔ میزائل داغے جانے کی ناکام کارروائی کے نتیجے میں صنعاء شہر میں متعدد افراد ہلاک جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے۔

دوسری جانب عرب اتحاد کے سرکاری ترجمان میجر جنرل احمد عسیری نے بتایا کہ عرب اتحادی افواج اور یمن کی قومی فوج نے حجہ صوبے کے شمال مغرب میں واقع شہر میدی اور اس کی بندرگاہ کا کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔ ترجمان کے مطابق یہ کامیابی حوثی اور معزول صدر صالح کی ملیشیاؤں کے خلاف کئی روز تک جاری رہنے والی شدید جھڑپوں کے بعد حاصل ہوئی۔

(جاری ہے)

ان جھڑپوں میں ملیشیاؤں کے درجنوں افراد مارے گئے۔

میدی کی بندرگاہ کو ایک اہم سمندری راستہ شمار کیا جاتا ہے۔ حوثی باغی اس کو صعدہ اور یمن کے شمال مغربی علاقوں کو اسلحے کی اسمگلنگ کے لیے استعمال کرتے تھے۔ اس پر کنٹرول حاصل ہونے کے بعد قومی فوج اتحادی افواج کے ہمراہ عبس کے علاقے اور مغربی ساحل پر الحدیدہ شہر کی سمت ملیشیاؤں کے ٹھکانوں کی جانب پیش قدمی کر سکیں گی۔اس سے قبل مشترکہ سعودی افواج نے یمن کے ڈسٹرکٹ حرض کے نزدیک ایک فوجی ٹھکانے سے "آر پی جی" گرینیڈز، ٹینک شکن میزائل، 30 اور 50 ایم ایم کے درمیان مختلف نوعیت کا اسلحہ اور دستی بم قبضے میں لے لیے۔

یہ تمام اسلحہ حوثی اور معزول صدر علی صالح کی ملیشیاؤں کے زیراستعمال تھا۔دوسری جانب آپریشنز روم نے سعودی عرب اور یمن کے درمیان سرحدی علاقے کی نگرانی کے دوران حوثی باغیوں کے گروپوں کو سرحدی باڑھ کے علاقے میں داخل ہونے سے روک دیا۔ یہ گروپ سعودی عرب کی سرحدی پٹی پر واقع صوبوں کو نشانہ بنانا چاہتے تھے۔