ٹی ٹونٹی کپتان شاہد آفریدی کی جانب سے ایک بار پھر صحافی سے خراب رویے کا دفاع

جمعرات 7 جنوری 2016 16:20

ٹی ٹونٹی کپتان شاہد آفریدی کی جانب سے ایک بار پھر صحافی سے خراب رویے ..

لاہور (اردو پوا ئنٹ تازہ ترین اخبار7جنوری- 2016ء) قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی نے گزشتہ روز صحافی سے بدکلامی کے بعد پیدا ہونے والے تنازع میں اپنا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے ہمیشہ دوسروں کا احترام کیا اور وہ دوسروں سے بھی اسی چیز کی امید رکھتے ہیں ۔ آفریدی نے اپنے اس رویے کا دفاع کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات میں بدترین شکست کی ذمے داری قبول کی ۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ ہمیشہ دوسروں کی عزت کرتے ہیں اور دوسروں سے بھی یہی امید رکھتے ہیں ، وہ 20 سال سے پرفارمنس کے بل بوتے پر ہی ٹیم کا حصہ ہیں اور کیریر کا شاندار اختتام کرنا چاہتے ہیں ، ان ہی کی قیادت میں ٹی ٹونٹی ٹیم عالمی نمبر دو بنی تھی لیکن بنیادی غلطیوں کی وجہ سے انگلینڈ سے شکست کھا گئے جس سے ہماری درجہ بندی پر بھی فرق پڑا ۔

(جاری ہے)

آفریدی نے امید ظاہر کی کہ کھلاڑی عمدہ کھیل کے ذریعے اپنی رینکنگ بہتر بنائیں گے ۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کے دوران صحافی نے آفریدی سے سوال کیا تھا کہ ٹی ٹونٹی کپتانوں میں آپ کی ہار کا تناسب سب سے زیادہ ہے اور ٹیم بھی عالمی درجہ بندی میں چھٹے نمبر پر موجود ہے، آپ کو لگتا ہے کہ قیادت کے انداز میں کچھ تبدیلی لانے کی ضرورت ہے؟. اس سوال پر شاہد آفریدی طیش میں آ گئے اور بظاہر مسکراتے ہوئے صحافی کو جواب دیا کہ 'ہمیشہ مجھے آپ سے امید تھی کہ آپ گھٹیا سوال ہی کریں گے ۔

ان کے اس رویے پر صحافیوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے کیمپ کا بائیکاٹ کر کے آفریدی سے معافی کا مطالبہ کیا ۔ آفریدی کے اس رویے کی رمیز راجہ ، محسن خان ، سرفراز نواز سمیت دیگر سابق کھلاڑیوں نے بھی شدید مذمت کی تھی ۔ گزشتہ سال نومبر میں بھی مذکورہ صحافی نے آفریدی سے یہی سوال کیا تھا جس کا انہوں نے ملتا جلتا جواب دیا تھا ۔