قصور جنسی سکینڈل ،گرفتار ملزمان کی جانب سے بریت کی درخواستوں پر نوٹس جاری

جمعرات 7 جنوری 2016 17:48

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔07 جنوری۔2016ء) انسداد دہشت گردی لاہور کی خصوصی عدالت نے قصور جنسی سکینڈل میں گرفتار تین ملزمان کی جانب سے بریت کی درخواستوں پر تھانہ گنڈا سنگھ کے ایس ایچ او کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے روبرو ملزمان کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ تینوں ملزمان ارشد،اشفاق اور ابراہیم کے خلاف واقعہ کے ٹھوس شواہد واقعاتی شہادتیں موجود نہیں ۔

پولیس نے میڈیا کے دباؤپر تینوں ملزمان کو جان بوجھ کر اس مقدمے میں پھنسایا۔پولیس تفتیش میں بھی ملزمان کے خلاف کوئی ثبوت سامنے نہیں آیا،ملزمان اس مقدمے میں اپنی بے گناہی ثابت کرنے کو تیار ہیں لہٰذا معزز عدلت سے استدعا ہے کہ ملزمان کو بری کرنے کا حکم دیا جائے ۔فاضل عدالت نے درخواستوں پر تھانہ گنڈا سنگھ کے ایس ایچ او اور محکمہ پراسیکیوشن کو 11جنوری کے لئے نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔