ایل پی جی کی نئی قیمتوں کی رسائی عوام تک ممکن بنائی جائے ‘ذکراﷲ مجاہد

گیس کی لوڈشیڈنگ سے لوگوں کے روز مرہ کے معاملات درہم برہم اور زندگی اجیرن ہو چکی ہے ‘امیر جماعت اسلامی لاہور

جمعرات 7 جنوری 2016 17:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔07 جنوری۔2016ء ) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اﷲ مجاہد نے کہا ہے کہ ایل پی جی کی نئی قیمتوں کی رسائی عوام تک ممکن بنائی جائے حالیہ ایل پی جی کی قیمت میں کمی کے باوجود لاہور کے اکثر علاقوں میں کئی دکاندار اوور چارجنگ کر کے پرانے ریٹ پر ایل پی جی فروخت کر رہے ہیں ۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ ایل پی جی گیس کی قیمتوں پر اوورچارجنگ کرنے والے دکانداروں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے تاکہ عوام تک ایل پی جی کی نئی قیمتوں کے ثمرات پہنچ سکیں۔

انہوں نے کہاکہ گیس کی لوڈشیڈنگ سے لوگوں کے روز مرہ کے معاملات درہم برہم اور زندگی اجیرن ہو چکی ہے ،گیس بحران کی وجہ سے لکڑی اور مٹی کے تیل کی قیمتیں بھی غریب عوام کی پہنچ سے باہر ہو چکی ہیں یوں محسوس ہوتا ہے جیسے حکمرانوں کو عوامی مسائل کے حل سے کوئی غرض نہیں ہے ۔

(جاری ہے)

حکومت گیس و بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے لیے محض دعوؤں اور باتوں کے بجائے سنجیدگی دکھائے اور عملی اقدامات کرے ۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں گیس اور بجلی کی اربوں روپے کی چوری ہو رہی ہے جس پر حکومت بے بس نظر آتی ہے ہر سال اربوں روپے کے اس نقصان کو پورا کرنے کے لیے حکومتی ادارے غریب عوام پر اووربلنگ کر کے نقصان کی تلافی کرتے ہیں ۔محکمہ سوئی گیس اورلیسکوکے کارندے معمولی رقوم کے نادہندگان کے خلاف بھر پور کاروائی کرتے ہیں جبکہ بڑے بڑے مگرمچھ قانون کی گرفت سے آزاد ہیں ۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ گیس و بجلی چوروں کے خلاف بھی سخت ایکشن لینے کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جائیں تاکہ اس بحران پر قابو پایا جا سکے ۔