جنرل ہسپتال، 2015میں 14 لاکھ79 ہزار 682 مریضوں کا علاج ،31کروڑ کی مفت ادویات فراہم کی گئیں ‘پروفیسر خالد محمود

پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز کی تعمیر مکمل ہونے سے جدید سہولتوں اور ریسرچ کے دروازے بھی کھلیں گے ‘پرنسپل پی جی ایم آئی

جمعرات 7 جنوری 2016 18:03

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔07 جنوری۔2016ء ) ڈاکٹری پیشہ پیغمبری ہے اور دکھی انسانیت کی خدمت کرنے والے ہی دنیا و آخرت میں سرخرو ہوں گے لہذا ہمیں اپنے ذاتی مسائل کوبالائے طاق رکھتے ہوئے معاشرے کے پسے ہوئے طبقے کی خدمت کو اپنا نصب العین بنانا چاہیے - ان خیالات کا اظہار پرنسپل پی جی ایم آئی و ایل جی ایچ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمودنے انتظامی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا- اس موقع پر ایم ایس کیپٹن (ر) ڈاکٹر نیاز احمد، اے ایم ایس ڈاکٹر جنید مرزا، ڈائریکٹر ایمرجنسی ڈاکٹر عارف شہزاد بھٹی ، اے ایم ایس ایڈمن ڈاکٹر شاہد میو سمیت دیگر انتظامی ڈاکٹر بھی موجود تھے- اجلاس میں بتایا گیا کہ ادارے کے تمام شعبوں میں سینئر ڈاکٹرز کی تعیناتی اور کنسلٹنٹ کی دستیابی، جدید و معیاری طبی سہولیات کی فراہمی سے 2015ء کے دوران ایمرجنسی اور آؤٹ ڈور میں 14 لاکھ79 ہزار 682 مریض آئے جنہیں صرف ایک روپے کی پرچی کے عوض تمام سہولیات سمیت وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر 31کروڑ روپے سے زائد کی مفت ادویات فراہم کی گئیں- جو حکومت پنجاب کی عوام دوست صحت مندانہ پالیسی کا آئینہ دار ہے جبکہ پانچ سو بستروں پر مشتمل پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز کی تعمیر مکمل ہونے پر نہ صرف دماغی امراض اور حادثات کے زخمیوں کو علاج معالجہ کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کے نئے دور کا آغاز ہوگا بلکہ شعبہ نیورو سرجری کے بارے میں جدید ریسرچ کے دروازے بھی کھلیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب کے ویژن پر عملدرآمد کرتے ہوئے لاہور جنرل ہسپتال کو ’’مریض دوست ماڈل ‘‘ ادارے میں تبدیل کرنے کے علاوہ ہسپتال انتظامیہ نے مریضوں کے علاج معالجہ کے غرض سے ایسے مثبت اقدامات کیے ہیں جس سے شعبہ طب کو انسانیت کی تکریم کے طور پر نئی جدتوں سے روشناس کرانے میں مدد ملی ہے ۔پیرا میڈیکل سٹاف کی حاضری کمپیوٹرائزڈ اور ملازمین کے مسائل کے حل کے لیے ون ونڈو پروگرام شروع کرنے سے کارکردگی میں اضافہ ہواجبکہ ایل جی ایچ صوبے کا واحد شفاخانہ ہے جہاں ایوننگ آؤٹ ڈور شفٹ سے سرکاری و نیم اداروں کے ملازمین و شہری بھرپور استفادہ حاصل کررہے ہیں۔

پرنسپل ایل جی ایچ نے گذشتہ برس کی کارکردگی کے حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ایمرجنسی میں 6لاکھ 39ہزار 901 مریضوں کو ادویات، آپریشن کا سامان، سی ٹی سکین سمیت تمام تشخیصی سہولیات مفت فراہم کی گئیں۔ آؤٹ ڈور میں 8لاکھ 39 ہزار 781 مریضوں کا طبی معائنہ کیا گیا۔ پچھلے 12ماہ میں 60ہزار 53مریضوں کو داخل کیا گیا اور 73ہزارسے زائدمختلف نوعیت کے آپریشن کیے گئے۔

علاوہ ازیں 69ہزار 881 سی ٹی سکین، 16ہزار156 ایم آر آئی ، 13لاکھ56ہزار 283 لیبارٹری ٹیسٹ اور82 ہزار 731 الٹرا ساؤنڈ کیے گئے۔ نیز4ہزار 926 مریضوں کی گیسٹرو سکوپی اور 695 کی نیورو انجیو گرافی کی گئی،1555 مریضوں کے گردوں سے شعاعوں کے ذریعے پتھریاں تحلیل کی گئی اور 14ہزار366 مریضوں کے ڈائیلسز کیے گئے جبکہ 12ہزار 718 ڈینٹل پروسیجر ہوئے۔ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمودنے کہاکہ رواں سال میں بھی مریضوں کے علاج معالجہ ان کی فلاح و بہبود، نئے مشنری جذبے اور انسانیت کے پختہ ارادے کے ساتھ کی جائے گی ۔

انہوں نے کہاکہ جنرل ہسپتال کے ڈاکٹروں، نرسوں اور پیرامیڈیکس نے ڈینگی کی جنگ سے لے کر دماغی امراض کے علاج تک ہر طبی شعبے میں ہمیشہ شاندار کارکردگی دکھائی ہے اور رواں سال میں بھی وہ نبی نوع انسان کی خدمت کے لیے نئے باب رقم کریں گے۔