پیسہ کمانے کیلئے لوگوں کی زندگیو ں سے کھیلنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی‘ وزیر محنت پنجاب

کمیٹی میں سیکرٹری لیبر، سیکرٹری انڈسٹریز، ڈی جی 1122 اور کمشنر گوجرانوالہ شامل ہونگے‘ راجہ اشفاق سرور کی جائے وقوعہ کے دورہ پرمیڈیا سے گفتگو

جمعرات 7 جنوری 2016 21:03

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔07 جنوری۔2016ء) صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت پنجاب راجہ اشفاق سرور نے کہا ہے کہ پیسہ کمانے کے لئے لوگوں کی زندگیو ں سے کھیلنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی، وزیراعلی پنجاب محمد شہبازشریف نے اس واقعہ کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے چار رکنی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی ہے جو فیکٹری میں سلنڈر پھٹنے کے واقعہ کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات کررہی ہے، کمیٹی میں سیکرٹری لیبر، سیکرٹری انڈسٹریز، ڈی جی 1122 اور کمشنر گوجرانوالہ شامل ہونگے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعلی کی تحقیقاتی کمیٹی اور صوبائی سیکرٹریز لیبر وانڈسٹریز کے ہمراہ کھیالی شاہ پور میں زینت سرامکس فیکٹری میں گیس سلنڈر پھٹنے سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لینے کے لئے جائے وقوعہ کے دورہ کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

سیکرٹری لیبر علی سرفراز سیکرٹری انڈسٹریزنبیل جاوید‘ ڈی جی 1122 بریگیڈئر (ر) ڈاکٹر ارشد ضیاء‘ ممبران صوبائی اسمبلی عبدالرؤف مغل‘توفیق احمد بٹ‘ کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن محمد عامر جان‘ اے ڈی سی رفاقت علی نسوانہ‘ ایس پی سٹی طاہر مقصود چھینہ‘اے سی سٹی عتیق الرحمان‘ اے سی صدر عارف اﷲ اعوان کے علاوہ دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ سانحہ سندر لاہور کے بعد حکومت پنجاب نے مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لئے جامع منصوبہ بندی کرنے کی ہدایات کی تھیں اوروزیراعلی پجاب کی حکم کی روشنی میں صوبہ بھر میں تمام انڈسٹریل یونٹس‘ خطرناک عمارتوں کے بلڈنگ پلان بارے سروے شروع کردیاگیاہے اور حفاظتی انتظامات جن میں ہنگامی حالت میں باہر نکلنے کے متبادل راستے‘ آگ بھجانے کے آلات ودیگر حفاظتی اقدامات کویقینی بنانے کی مختلف محکموں کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں جن پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اﷲ کا شکر ہے کہ اتنے بڑے حادثہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا‘ اس حادثہ میں زخمی ہونے والوں کے بہترین علاج معالجہ کے لئے ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب اس واقعہ کی از خود نگرانی کررہے ہیں اس کے علاوہ تمام متعلقہ محکموں ‘ضلعی اتنظامیہ کے افسران کو بھی ہائی الرٹ کردیاگیاہے اور اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں چائلڈ لیبر کاخاتمہ وزیراعلی کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس سلسلہ میں صوبہ کے تمام کمشنرز‘ ڈی س اوزکوہدایات جاری کردی گئی ہیں اور قانون پر عملدرآمد کاحکم بھی جاری کیاگیاہے۔ کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن محمد عامرجان نے صوبائی وزیر کو اس واقعہ کی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ریسکیو 1122‘ پولیس اور انتظامی افسران حادثہ کی اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ گئے اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا ۔

انہوں نے کہا کہ یہ امر باعث اطمینان ہے کہ حادثہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔انہوں نے بتایا کہ شدید زخمیوں کو فوری طبی امداد کے بعد لاہور منتقل کیاگیا تاکہ ان کی جانیں بچائی جاسکیں۔صوبائی وزیر نے جائے حادثہ کا دورہ کرنے کے بعد ڈی سی او آفس میں ایک اعلی سطحی اجلاس میں جائے حادثہ سے متعلق معاملات کا تفصیلی جائزہ لیا اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وزیراعلی پنجاب کی تحقیقاتی ٹیم سے مکمل تعاون کیا جائے اور جائے حادثہ پر پڑے گیس سلنڈر فوری طور پر کسی محفوظ مقام پرمنتقل کئے جائیں تاکہ کوئی اور سانحہ جنم نہ لے سکے۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ ایسے انڈسٹریل یونٹس کے خلاف سخت کاروائی کرتے ہوئے انہیں سیل کردیا جائے جہاں پر انسانی جانوں کو خطرات لاحق ہیں۔

متعلقہ عنوان :