وزیراعظم اور آرمی چیف سے سعودی وزیر خارجہ کی ملاقاتیں، دوطرفہ تعلقات،خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال،سعودی سالمیت کو خطرہ ہوا تو ساتھ کھڑے ہوں گے ،وزیراعظم نوازشریف کی سعودی وزیرخارجہ کو یقین دہانی ،سعودی عرب ایران کشیدگی باعث تشویش ہے دونوں ملکوں کے اختلافات مذاکرات سے ختم ہونے چاہیے،پاکستان دہشتگردی کے خلاف عالمی اتحادکی حمایت کرتا ہے ،سعودی وزیر نے دہشت گردی کے خلاف اتحاد پر وزیر اعظم کو بریفنگ دی،سعودی وزیر خارجہ کے دورہ پاکستان کے حوالے سے دفتر خارجہ کا اعلامیے جاری،پاکستانی سول اور عسکری رہنماؤں سے ملاقاتیں ،دونوں ملکوں کے تعلقات کو مضبوط کرنے میں مدد گار ثابت ہو نگی،مذاکرات میں اہم امور سیاسی ، ثقافتی اور خطے کی صورتحال پر تفصیلی بات چیت ہوئی ،سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر،سعودی وزیر خارجہ کا دورہ بہت مفید رہا، پاکستان کو سعودی عرب اور ایران کشیدگی پر تشویش ہے،امید ہے سعودی عرب اور ایران تعلقات جلد بہتر ہوں گے،پاکستان نے دہشتگردوں کے خلاف تمام اتحادوں کی ہمیشہ حمایت کی ،مشیر خارجہ سرتاج عزیز کی سرکاری ٹی وی سے گفتگو

جمعرات 7 جنوری 2016 23:31

اسلام آباد/ راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 6جنوری۔2016ء) وزیراعظم نوازشریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے سعودی وزیر خارجہ عادل بن احمد الجبیرنے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں جن میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق جمعرات کو سعودی وزیرخارجہ عادل بن احمد الجبیر 17 رکنی وفد کے ہمراہ ایک روزہ دورے پر پاکستان پہنچے جہاں نور خان ایئربیس پر وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز نے ان کا استقبال کیا جس کے بعد وہ جنرل ہیڈ کوارٹر روانہ ہوئے جہاں انہوں نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے ملاقات کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جی ایچ کیو راولپنڈی میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف اور سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر کے درمیان ہونے والی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ اس دوران علاقائی سلامتی کی صورتحال پرتبادلہ بھی بات چیت کی گئی۔

(جاری ہے)

ترجمان پاک فوج کے مطابق سعودی وزیرخارجہ نے خطے میں امن اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کاوشوں کوسراہا۔

ان کا کہنا تھا کہ خطے میں استحکام کے لیے پاکستان کا کردار قابل ستائش ہے ۔دوسری جانب سعودی وزیر خارجہ وزیراعظم نوازشریف سے ملنے وزیراعظم ہاوٴس پہنچے جہاں وزیراعظم نے ان کا گرم جوشی سے استقبال کیا جب کہ دونوں رہنماوٴں کے درمیان ملاقات میں پاکستان کی جانب مشیر خارجہ سرتاج عزیز، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی، مشیر برائے قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر جنجوعہ موجود تھے جب کہ سعودی وزیر خارجہ کے ساتھ بھی اعلیٰ سعودی حکام نے ملاقات میں شرکت کی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم اور سعودی وزیر خارجہ کی ملاقات میں خطے کی صورتحال اور بالخصوص سعودی عرب کی قیادت میں بننے والے 34 ملکی فوجی اتحاد پر بات چیت کی گئی جب کہ اس دوران ایران اور سعودی عرب کے درمیان تنازع پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعظم سے ملاقات کے بعد سعودی وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں پرتپاک استقبال پر شکر گزار ہوں جب کہ وزیراعظم نوازشریف سے ملاقات میں تمام اہم امور پر تفصیلی مذاکرات ہوئے جن میں اقتصادی تعاون اور سرمایہ کاری بڑھانے پر بھی بات چیت ہوئی جب کہ ملاقات دونوں ملکوں کے تعلقات سمیت سیاسی، ثقافتی اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

بعدازاں سعودی وزیر خارجہ کے دورہ پاکستان کے حوالے سے دفتر خارجہ کی طرف سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیرنے وزیر اعظم اور آرمی چیف سے ملاقاتیں کیں ۔وزیراعظم نے سعودی وزیرخارجہ کو یقین دہانی کرائی ہے کہ سعودی سالمیت کو خطرہ ہوا تو ساتھ کھڑے ہوں گے ۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہسعودی عرب ایران کشیدگی باعث تشویش ہے دونوں ملکوں کے اختلافات مذاکرات سے ختم ہونے چاہیے۔

پاکستان دہشتگردی کے خلاف عالمی اتحادکی حمایت کرتا ہے ۔سعودی وزیر نے دہشت گردی کے خلاف اتحاد پر وزیر اعظم کو بریفنگ دی۔اس سے قبل سرکاری ٹی وی چینل سے گفتگو کر تے ہوئے سعودی وزیر خارجہ کا کہنا تھاکہ پاکستان آمد پر گرمجوشی سے استقبال اور مہمان نوازی کے ساتھ اقتصادی تعاون پر بات چیت ہو ئی ہے اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں بھی تعاون بڑھانے پر بات ہوئی۔

سعودی وزیر خارجہ عادل بن احمد الجبیر نے کہا کہ پاکستان آکر بہت خوشی ہوئی ہے ،دونوں ملکوں کے درمیان دیر ینہ تعلقات ہیں۔سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان میں عسکری اور سول رہنماؤں سے ملاقات میں خطے میں علاقائی خطرات ،ثقافتی تعلقات ،سیاسی ،فوجی اور سٹریٹجک امورسمیت پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اقتصادی تعاون پر بات چیت ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ ملاقاتیں تعلقات مزید مضبوط کرنے کے لیے مدد گار ثابت ہونگی۔بعد ازاں مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے سرکاری ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ سعودی وزیر خارجہ کا دورہ بہت مفید رہا، پاکستان کو سعودی عرب اور ایران کشیدگی پر تشویش ہے ۔انھوں نے کہاکہ دہشتگردوں کے خلاف تمام اتحادوں کی ہمیشہ حمایت کی ہے ۔ مشیر خارجہ نے کہا کہ ایران اور سعودی عرب کی کشیدگی پر بھی بات چیت ہوئی ۔ انہوں نے کہا کہ توقع ہے کہ سعودی عرب اور ایران میں تعلقات بہتر ہوں گے ۔ ہماری کوشش ہے کہ کشیدگی کم ہو اور مسئلے کا سیاسی حل نکلے ۔ سرتاج عزیز نے کہا کہ دونوں ملکوں نے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔