گھاس پر کرکٹ کھیلیں یا فٹ بال ، شارجہ حکومت نے 500درہم جرمانہ عائد کرنے کا اعلان کر دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 8 جنوری 2016 12:56

گھاس پر کرکٹ کھیلیں یا فٹ بال ، شارجہ حکومت نے 500درہم جرمانہ عائد کرنے ..

شارجہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 08 جنوری 2016ء) : شارجہ حکومت نے گھا س پر کرکٹ ، فٹبال کھیلنے یا سائیکل چلانے پر پابندی عائد کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ خلاف ورزی کرنے والوں کو 500درہم جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ شارجہ کی میونسپل کمیٹی نے اس ضمن میں وارننگ بھی جاری کی ہے جبکہ سوک باڈی کے انسپکٹرز کھیل میں استعمال ہونے والا تمام سامان بھی ضبط کر لیں گے ۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے میونسپلٹی میں ساحل اور اسکوئیر کے ہیڈ محمد القبی کا کہناہے کہ سر سبز جگہ پر کھیلنے سے وہ جگہ تباہ اور بری طرح متاثر ہوتی ہے، ایسی جگہوں پر کوئی بھی کھیل وہاں لگی باڑیں، گھاس، پھولوں اور دیگر پبلک پراپرٹی کو نقصان پہنچاتی ہیں۔ اس قانون کی خلاف ورزی کرنے والے اس قسم کے نقصان کا بھی خمیازہ بھرنے کے پابند ہوں گے۔

(جاری ہے)

اسی حوالے سے میونسپلٹی کمیٹی کے افسران ماحولیاتی قوانین خلاف ورزیوں کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں۔میونسپلٹی کمیٹی نے یہ بات بھی نوٹس کی ہے کہ سر سبز باغات جیسے کہ الاتحاد پارک اورسینٹرل ثوق میں کھیلنے والے بچے نا صرف پبلک پراپرٹی کو نقصان پہنچاتے ہیں بلکہ ذاتی پراپرٹی کو بھی نقصان پہنچاتے ہیں۔ کرکٹ کے دوران ماری گئی شاٹ سے پاس موجود عمارتوںیا گاڑیوں کے شیشے بھی ٹوٹنے کا خدشہ ہوتا ہے۔

القبی نے مزید کہا کہ گذشتہ برس اس جُرم میں 195افراد پر جُرمانہ عائد کیا گیا تھا جس کا تناسب 2014کے مقابلے میں 75 فیصد کم ہے۔ القبی نے اس تناسب میں کمی کی تعریف کی اور کہا کہ میونسپلٹی کی جانب سے لیے گئے ان اقدامات کے سبب عوام میں آگہی پیدا ہوئی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ جب بھی کوئی خلاف ورزی کرتا ہے تو اس کا آئی ڈی ضبط کر لیا جاتا ہے جس کے بعد اسے میونسپلٹی کسٹمر سروس سینٹر میں آ کر جُرمانہ کی ادائیگی کرنا ہوتی ہے جس کے بعد انہیں ان کا آئی ڈی واپس کر دیا جاتا ہے تاہم اگر ایک ہی فرد کی جانب سے یہ عمل دوبارہ دہرایا جائے تو ایک وارننگ جاری کی جاتی ہے جس کے تحت خلاف ورزی کرنے والا ایک پیپر پر دستخط کرنے کا پابند ہوتا ہے جس پر وہ عہد کرتا ہے کہ یہ غلطی دوبارہ نہیں ہو گی۔

انہوں نے تفصیل بیان کرتے ہوئے مزید بتایا کہ میونسپلٹی نے انڈسٹریل ایریا میں اس قسم کے کھیلوں کے لیے جگہیں مختص کر رکھی ہیں۔ شارجہ حکومت نے امارات میں عوام کے کرکٹ اور فٹ بال کھیلنے کے لیے اسپورٹس کورٹس کو لائسنس بھی جاری کر رکھے ہیں۔ ریزیڈنٹس پارکس کے اسپورٹس کورٹس میں بچوں کو کھیلنے کی پوری اجازت ہے۔ انہوں نے والدین کو ہدایت کی کہ وہ اپنے بچوں کی بھر پور نگرانی کریں تاکہ وہ گلیوں یا سر سبز جگہوں پر کھیل کر قانون کی خلاف ورزی سے بچ سکیں۔

متعلقہ عنوان :