دبئی، دو سالہ پاکستانی بچی ساتویں منزل کی کھڑکی سے گر کر جاں بحق ،والدین پر قیامت ٹوٹ پڑی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 8 جنوری 2016 13:12

دبئی، دو سالہ پاکستانی بچی ساتویں منزل کی کھڑکی سے گر کر جاں بحق ،والدین ..

دبئی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 08 جنوری 2016ء): دو سالہ پاکستانی بچی دبئی کے الخلیل گیٹ کمیونٹی کے ساتویں منزل پر موجود اپارٹمنٹ کی کھڑکی سے گر کر جاں بحق ہو گئی۔ القوز میں گیٹڈ کمیونٹی کے فیز ٹو میں یہ واقعہ صبح آٹھ بجکر تیس منٹ پر پیش آیا۔ بر دبئی پولیس اسٹیشن کے ڈائریکٹر کرنل علی غانم نے بتایا کہ بچی ایک میز پر چڑھی جس کے بعد کھُلی کھڑکی سے نیچے گر گئی۔

ہمسایوں نے اس ہولناک حادثے کو اپنی آنکھوں سے دیکھا ، جس کے بعد ایک بھارتی خاتون نے بتایا کہ میں نے زمین پر گری بچی کو تب دیکھا جب میں نے سکیورٹی گارڈ کی چیختے ہوئے بچی کی جانب بھاگنے کی آوازیں سنیں۔سکیورٹی گارڈ بچی کو بچانے کے لیے بھاگا لیکن کچھ سیکنڈز کے فاصلے سے ناکام رہا۔ ایک اور ہمسایہ خاتون کا کہنا تھا کہ میں اس واقعہ کو کبھی نہیں بھول سکتی، مجھے اس بچی کا چہرہ کبھی نہیں بھولے گا جو بے حس و حرکت زمین پر پڑی تھی۔

(جاری ہے)

کچھ دیر بعد ہی بچی کا والد بھی روتے ہوئے نیچے لپکا اور مدد کے لیے پکارا۔ سکیورٹی گارڈز نے ایمبولینس اور پولیس کو طلب کیا۔ ایم پڑوسی کے مطابق وہاں موجود کوئی بھی شخص کچھ بھی کرنے سے قاصر تھا کیونکہ بچی کی جان نکل چکی تھی۔ کچھ ہی دیر میں بچی کے کان اور ناک سے خون بہنا شروع ہو گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ وہ واقعہ کی تحقیقات کریں گے جس میں پتہ لگایا جائے گا کہ کہیں یہ واقعہ والدین کی لا پرواہی کے باعث تو نہیں ہوا۔ البتہ عموماً ایسے کیسز میں دبئی پولیس نفسیاتی سپورٹ فراہم کرتی ہے۔