سیف گیمز کی تیاری کے سلسلہ میں قومی تائیکوانڈو ٹیم کے کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ جاری

جمعہ 8 جنوری 2016 13:14

سیف گیمز کی تیاری کے سلسلہ میں قومی تائیکوانڈو ٹیم کے کھلاڑیوں کا تربیتی ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔08 جنوری۔2016ء) سیف گیمز کی تیاری کے سلسلہ میں قومی تائیکوانڈو ٹیم کے کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ پاکستان سپورٹس بورڈ کے حمیدی ہال میں جاری ہے جس میں20 مرد جبکہ 9 خواتین کھلاڑی شامل ہیں، مردوں میں محمد شفیق، طاہر خان، ہارون خان، نثار خان، محمود ترین، محمد اشفاق، ارسلان خان، محمد اعجاز، عدیل شاہ، نویدخان، افنان شاہ، عبدالوقار، عاصم اعجاز، عثمان عابد، وقار شاہ، شاہد اکبر، عامر سہیل، عالمگیر خان، شوٹوو اور علی رحمت شامل ہیں جبکہ خواتین میں ماہ نور ملک، نصرت بی بی، ماہ نور حمید، سنیہ زیب، سدرہ بتول، یمنہ صدیقی، نقش ہمدانی، فرشین ہمدانی شامل ہیں، ان کھلاڑیوں کا تعلق پاکستان آرمی، پاکستان ریلوے، ہائرایجوکیشن کمیشن، بلوچستان، گلگت بلتستان، فاٹا سے ہے، ان کھلاڑیوں کو کوچز جاوید کریم اور ناجیہ خان جدید اور اعلیٰ تربیت دے رہے ہیں اور کھلاڑی تربیتی کیمپ میں بھر پور محنت کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

امید ہے کہ کھلاڑی سیف گیمز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے سیف گیمز 6 فروری سے 16 فروری تک بھارت میں کھیلی جا رہی ہے۔ پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن کے صدر کرنل(ر) وسیم احمد جنجوعہ نے کہا ہے کہ قومی تائیکوانڈو ٹیم سیف گیمز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔ پاکستان سپورٹس کمپلیکس میں میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گذشتہ برس گراس روٹ لیول پر ٹیلنٹ کی تلاش کیلئے پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن کے گلگت اور ہنزہ کے علاوہ ملک کے دوسرے شہروں میں بھی تربیتی کیمپ لگائے تھے جس سے کافی مرد اور خواتین کھلاڑیوں کا چناؤ کیا گیا تھا اور ان کھلاڑیوں نے قومی چیمپئن شپ میں بھی شرکت کی تھی۔

وسیم جنجوعہ نے کہا کہ فیڈریشن کے زیراہتمام قومی سنیئر اور قومی جونیئر تائیکوانڈو چیمپئن شپ کا انعقاد کیا جاتا ہے جس میں قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کا انتخاب میرٹ پر کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سکولز اور کالجز کی سطح پر زیادہ سے زیادہ ٹورنامنٹس کا انعقاد کیا جائے جس سے ملک میں تائیکوانڈو کے کھیل کو فروغ حاصل ہوگا۔