پی سی بی نے انگلینڈ لائنز کیخلاف ون ڈے سیریز کیلئے16 رکنی اے ٹیم کا اعلان کردیا

جمعہ 8 جنوری 2016 14:58

پی سی بی نے انگلینڈ لائنز کیخلاف ون ڈے سیریز کیلئے16 رکنی اے ٹیم کا اعلان ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔08 جنوری۔2016ء) پاکستان کرکٹ بورڈ نے انگلینڈ لائنز کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے عمرامین کی قیادت میں 16 رکنی پاکستان اے ٹیم کا اعلان کردیا، قائداعظم ٹرافی میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے فاسٹ باوٴلر محمد عباس کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔پاکستان اے ٹیم میں پاکستان کے ان نوجوان کھلاڑیوں کوبھر پور موقع دیا گیا ہے جو قومی ٹیم میں جگہ نہیں بناسکے جن میں فواد عالم، جنیدخان، احسان عادل، سمیع اسلم اور بلال آصف کے نام نمایاں ہیں۔

قائداعظم ٹرافی میں کراچی وائٹس کی نمائندگی کرنے والے وکٹ کیپر محمد حسن کو پہلی دفعہ پاکستان اے ٹیم میں جگہ دی گئی ہے۔انگلینڈ لائنز کے خلاف حال ہی میں پاکستان اے کی قیادت کرنے والے فاسٹ باوٴلر جنید خان کو بھی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے ، پاکستان کو ان کی قیادت میں 5 ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں 3-2 سے شکست ہوئی تھی۔

(جاری ہے)

پاکستان اے ٹیم اور انگلینڈ لائنز کے خلاف تمام میچز آئی سی سی اکیڈمی گراوٴنڈ میں 22 ،25، 28 اور30 جنوری کو کھیلے جائیں گے۔

پی سی بی کی جانب سے اعلان کردہ پاکستان اے ٹیم کے کھلاڑیوں کے نام یہ ہیں۔عمر امین(کپتان)، فخر زمان، سمیع اسلم، زین عباس، آصف ذاکر، عابد علی، فواد عالم، بلال آصف، محمد حسن (وکٹ کیپر)، محمد نواز، زوہیب خان، محمد عباس، احسان عادل، فہیم اشرف، جنید خان اور عمرصدیق شامل ہیں۔نوشاد علی پاکستان اے ٹیم کے منیجر، توصیف احمد(ہیڈ کوچ)، منصور رانا(معاون کوچ)، یاسر ملک (ٹرینر)، عارف شاہ (فزیو تھراپسٹ) اوار محمد طلحہ(ویڈیو انالسٹ) کے طورپر ٹیم انتظامیہ میں شامل ہوں گے۔