پاکستان سپر لیگ کیلئے آن لائن ٹکٹوں کی فروخت شروع ہو گئی

جمعہ 8 جنوری 2016 15:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔08 جنوری۔2016ء) پاکستان سپر لیگ کے حکام نے دنیا بھر کے کرکٹ شائقین کے لیے لیگ کے ٹکٹس آن لائن فروخت کے لیے پیش کردیے۔پی ایس ایل کے ایک اعلامیے میں بتایا گیا کہ شائقین کے جوش و جذبے کو مدنظر رکھتے ہوئے سنگل ہیڈرز کے ٹکٹوں کی قیمت 20 درہم سے جبکہ پلے آف، ڈبل ہیڈرز اور فائنل کی قیمت 30 درہم سے شروع ہو گی۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ دبئی اور شارجہ میں 4 سے 23 فروری کے درمیان کھیلی جا رہی پی ایس ایل میں مختلف ملکوں کے ٹاپ کھلاڑی 24 میچ کھیلیں گے۔آئندہ ہفتے سے متحدہ عرب امارات کے مختلف مقامات پر پی ایس ایل کے ٹکٹس دستیاب ہوں گے جس کا اعلان جلد کیا جائے گا۔دوسری جانب کوئٹہ گلیڈی ایٹرز جیسن ہولڈر کی خدمات حاصل کرنے سے محروم ہو گیا کیوں کہ ویسٹ نڈیز کرکٹ بورڈ نے انہیں این او سی جاری نہیں کیا۔

(جاری ہے)

ہولڈر کی جگہ اب سری لنکا کے تھسارا پریرا لیں گے۔دلچسپ بات یہ ہے کہ پی ایس ایل نے ہولڈر کو بغیر این او سی کے ہی ٹیم میں شامل کرلیا۔اس سے قبل تین انگلش کھلاڑی سیم بلنگز، جیمز ونس اور کرس جارڈن پی ایس ایل کے تمام میچ کھیلنے سے معذرت کرچکے ہیں کیو نکہ انہوں نے 17 فروری سے جنوبی افریقی لیگ کھیلنا ہے۔کچھ ایسی اطلاعات بھی منظر عام پر آئی ہیں کہ لاہور قلندر کے کرس گیل ان دنوں آسٹریلیا میں اپنی کمر کے آپریشن کے لیے ڈاکٹروں سے مشورے کررہے ہیں۔

اگر گیل کو آپریشن کی تاریخ مل جاتی ہے تو وہ پی ایس ایل نہیں کھیل پائیں گے کیوں کہ انہیں آرام کے لیے کم از کم دو ماہ کا عرصہ درکار ہوگا۔اگر گیل اپریل میں ہونے والی انڈین پریمیئر لیگ کھیلنا چاہتے ہیں تو ان کے لیے یہ سرجری ضروری ہے۔