نواز شریف،مودی ملاقات امریکہ کی آشیر باد سے ہوئی فوج کو اعتماد میں نہیں لیا گیا، شیخ رشید

جمعہ 8 جنوری 2016 15:58

نواز شریف،مودی ملاقات امریکہ کی آشیر باد سے ہوئی فوج کو اعتماد میں ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔08 جنوری۔2016ء) پاکستان عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ نواز شریف اور مودی ملاقات میں فوج کو اعتماد میں نہیں لیا گیا‘ پاک بھارت مذاکرات برابری کی بنیاد پر ہونے چاہئیں‘ سی پیک پر سیاسی جماعتوں کے تحفظات دور نہ کئے گئے تو یہ منصوبہ کھٹائی میں پڑ جائے گا۔ جمعہ کے روز پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی ملاقات امریکہ کی آشیر باد سے ہوئی ہے اس میں حکومت نے فوج کو اعتماد میں نہیں لیا جو کہ حکومت اچھا پیغام نہیں دے رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاک بھارت مذاکرات برابری کی بنیاد پر ہونے چاہئیں تاہم جب تک مسئلہ کشمیر حل نہیں ہو گا اس وقت تک مذاکرات سود مند ثابت نہیں ہونگے۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایران اور سعودی عرب کے مسئلہ پر پاکستان کو ثالثی کا کردار ادا کرنا چاہئے تاکہ اسلامی دنیا کو پریشانی سے بچایا جا سکے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے پر حکومت کو چاہئے کہ وہ سیاسی جماعتوں کے تحفظات کو دور کرے اگر ایسا نہ کیا گیا تو یہ منصوبہ کھٹائی میں پڑ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبے کا موقعہ ہاتھ سے نہیں جانا چاہئے۔ وزیراعظم نواز شریف پنجاب کے خلاف نفرت پھیلانے کا موجب نہ بنیں۔