لاہورائیرپورٹ پر دہشتگردی کے خطرے کے باعث سکیورٹی الرٹ جاری

جمعہ 8 جنوری 2016 16:20

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔08 جنوری۔2016ء) لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر دہشتگردی کے خطرے کے باعث سکیورٹی الرٹ کر دی گئی۔ محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے دہشتگردی کے خطرے کے حوالے سے مراسلہ جاری کر دیا گیا۔ نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ محکمہ داخلہ کے انتباہی مراسلے کے بعد لاہور ائیرپورٹ، دیگر حساس تنصیبات اور شخصیات کی سکیورٹی الرٹ کر دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے سکیورٹی کے متعلقہ اداروں کو جاری مراسلے میں تنبیہہ کی گئی ہے کہ دہشتگردوں کی جانب سے لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ سمیت متعدد حساس مقامات اور شخصیات کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ دہشتگرد جنوبی پنجاب کے راستے لاہور میں داخل ہوئے ہیں جبکہ دھماکا خیز کارروائی کیلئے دہشتگردوں کی جانب سے ائیرپورٹ اور دیگر تنصیبات کی ریکی کی اطلاعات بھی ہیں ۔