ون ویلنگ کے خاتمے کیلئے کریک ڈاؤن کا حکم

جمعہ 8 جنوری 2016 16:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔08 جنوری۔2016ء) قائمقام چیف ٹریفک آفیسرلاہورآصف صدیق نے کہاکہ نوجوان نسل کو بچانے اور شہرسے ون ویلنگ کے خاتمے کیلئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اہم شاہراہوں پر ہفتہ اور اتوار کے روز مزید 13 پٹرولنگ آفیسرز تعینات کر دیئے گئے ہیں جو 250-CC موٹر سائیکلوں پر گشت کرتے ہوئے ون ویلنگ کے خلاف انسدادی کارروائی کریں گے۔

آصف صدیق نے کہا کہ ون ویلنگ جان لیوا کھیل ہے۔ سٹی ٹریفک پولیس اس خطرناک کھیل سے نوجوان نسل کو بچانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ون ویلنگ کے خلاف خصوصی کریک ڈاؤن کے دوران ون ویلروں کے گھروں میں نوٹسزبھی بھجوائے جا رہے ہیں۔اس سے قبل 2 ڈی ایس پیز کی نگرانی میں 60 سے زائد ٹریفک وارڈنز سادہ کپڑوں میں جدیدویڈیو کیمروں کے ہمراہ شہر کی اہم شاہراہوں پر تعینات کیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

ون ویلنگ کیخلاف انسدادی کارروائی میں شامل وارڈنز کوبھی کیمرے دیئے گئے ہیں تاکہ ویلرز کیخلاف ٹھوس قانونی چارہ جوئی کے ساتھ ساتھ اُنکی مذموم حرکات اُنکے والدین کو دیکھائی جا سکیں۔ سی ٹی او نے کہا کہ ون ویلنگ کیخلاف شہر بھر میں آگاہی مہم بھی جاری ہے اُس کے خاتمے کیلئے ہمیں سب کو مل کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہر طبقہ فکر کے لوگ خصوصاََ والدین اور طلباء ون ویلنگ کیخلاف جہاد میں اپنا کردار اداکریں تاکہ ون ویلنگ کی لعنت کو جڑ سے اُکھاڑ ا جا سکے۔