سنی اتحاد کونسل کے زیر اہتمام ملک گیر ’’یوم اتحاد امت ‘‘ منایا گیا

امریکہ شیعہ سنی لڑائی کو عالمی جنگ میں بدلنا چاہتا ہے تمام مکاتب فکر کے علماء اتحاد امت کیلئے کردار ادا کریں ‘ صاحبزادہ حامد رضا

جمعہ 8 جنوری 2016 20:19

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔08 جنوری۔2016ء ) سنی اتحاد کونسل کے زیر اہتمام ملک گیر ’’یوم اتحاد امت ‘‘ منایا گیا اور صاحبزادہ حامد رضا کی اپیل پر علماء اہلسنّت نے ’’اتحاد بین المسلمین ‘‘ کے موضوع پر خطبات جمعہ دیئے اور وحدت امت کی ضرورت پر زور دیا جبکہ ملک بھر میں جمعہ کے اجتماعات میں ایران اور سعودی عرب سے کشیدگی ختم کرنے کی اپیل پر مشتمل قرار دادیں بھی منظور کی گئیں اس موقع پر چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ محمد حامد رضا نے جامعہ رضویہ میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام دشمن طاقتوں کی سازش ناکام بنانے کیلئے اتحاد امت وقت کی اہم ضرورت ہے۔

ایران سعودی کشیدگی کی وجہ سے امت شدید خدشات کا شکار ہے۔

(جاری ہے)

امریکہ شیعہ سنی لڑائی کو عالمی جنگ میں بدلنا چاہتا ہے اس لئے تمام مکاتب فکر کے علماء اتحاد امت کیلئے کردار ادا کریں اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو فروغ دیں تاکہ شیعہ سنی لڑائی کی عالمی سازش کو ناکام بنایا جاسکے۔مسلکی اختلافات کی بنیاد پر پھانسیاں دینا درست نہیں ہے۔امریکہ مسلمانوں کو آپس میں لڑاکر کمزور کرنا چاہتا ہے۔

ایران سعودی کشیدگی کو شیعہ سنی لڑائی نہیں بننے دیں گے۔سنی اتحاد کونسل ضلع لاہور کے صدر مفتی محمد حسیب قادری نے المرکز الاسلامی شادباغ لاہور میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی گریٹ گیم کے تحت مسلم ممالک کو لڑایا جارہا ہے۔ایران سعودی کشید گی سے داعش کو فائدہ ہو گا۔ مسلم ممالک فرقہ وارانہ بنیادوں پر سرکاری پالیسیاں نہ بنائیں۔

مولانا وزیر القادری نے کوئٹہ میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اتحاد امت کے بغیر عالمگیر غلبہ اسلام کا خواب پورا نہیں ہو سکتا۔ اسلام دشمنوں نے فرقہ واریت کو اسلام کے خلاف ہتھیار بنالیا ہے۔ مسلم ممالک کی باہمی لڑائی امریکی ایجنڈا ہے۔سنی اتحاد کونسل کے مرکزی وائس چیئرمین صاحبزادہ سید جواد الحسن کاظمی نے پشاور میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فرقہ واریت کی پھیلتی آگ کو بجھایا نہ گیا تو پورا عالم اسلام اس کی لپیٹ میں آجائے گا۔

سنی اتحاد کونسل پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات مولانا محمد اکبر نقشبندی نے گوجرانوالہ میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلکی اختلافات کو ہوا دینے والے اسلام دشمنوں کے عزائم پورے کررہے ہیں ۔ ایران اور سعودی عرب کے حکمران صبرو تحمل سے کام لیں ۔ پاکستانی حکمران ایران سعودی کشیدگی ختم کروانے کیلئے متحرک ہوں۔ سنی اتحاد کونسل کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹیری اطلاعات ارشد مصطفائی نے چھانگا مانگا میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سنجیدہ اور حقیقی علماء اتحاد امت کیلئے عملی کوششیں کریں۔ امت مسلمہ کا اتحاد ہی تمام مسائل کا حل ہے۔امریکہ کے ہاتھوں میں کھیلنے والے امت مسلمہ کے اتحاد میں رکاوٹ ہیں۔