ڈی ایچ اے سٹی اسکینڈ ل میں گرفتار ملز م حماد ارشد ایک روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے

تحقیقات قانون کے مطابق ہونگی،تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے‘ ڈی جی نیب پنجاب

جمعہ 8 جنوری 2016 22:48

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔08 جنوری۔2016ء) قومی احتساب عدالت نے ڈی ایچ اے سٹی اسکینڈ ل میں گرفتار ملز م حماد ارشد کا ایک روزہ جسمانی ریمانڈ دے دیا، نیب جج نے نا معلوم وجوہات کی بناء پر مزید سماعت سے معذرت کر لی جس کے بعد ملزم کو آج ہفتہ کے روز ڈیوٹی جج کے سامنے پیش کر کے مزید ریمانڈ کی استدعا کی جائے گی ۔ نیب لاہور نے ڈی ایچ اے سٹی میں پلاٹوں کی الاٹمنٹ کا جھانسہ دے کر 16ارب روپے کی مالی بے ضابطگیوں کے الزام میں گرفتار حماد ارشد کو گزشتہ روز نیب عدالت میں پیش کر کے موقف اختیار کیا کہ ملزم نے لوگوں کو ڈی ایچ اے سٹی میں پلاٹوں کی الاٹمنٹ کا جھانسہ دے کر اربوں روپے بٹورے ۔

تحریری شکایات پر تحقیقات کی گئیں تو ملزم کے خلاف مالی بے ضابطگیوں کے ثبوت سامنے آئے لہٰذا جسمانی ریمانڈ دیا جائے ۔

(جاری ہے)

نیب عدالت کے جج نے ملزم کوایک روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کرتے ہوئے نا معلوم وجوہات کی بناء پر مزید سماعت سے معذرت کر لی ۔ملزم کو آج ہفتہ کے روز ڈیوٹی جج کے سامنے پیش کر کے مزید ریمانڈ کی استدعا کی جائے گی ۔ذرائع کے مطابق اس کیس میں نام سامنے آنے والے ملزموں کے بینک اکاؤنٹس بھی منجمد کر دئیے گئے جبکہ مرکزی ملزم کا نام بھی ای سی ایل میں شامل کر لیا گیا ہے۔

ایک نجی ٹی وی کے مطابق کامران کیانی کو بھی شامل تفتیش کر لیا گیا ہے۔ ڈی جی نیب پنجاب کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ تحقیقات قانون کے مطابق ہوں گی۔ ڈی جی نیب پنجاب کا کہنا ہے کہ تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے، ۔حماد ارشد کا مزید جسمانی ریمانڈ بھی لیں گے۔

متعلقہ عنوان :