چین پاکستان اقتصادی راہداری کے حوالے سے آل پارٹیز کانفرنس میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے انتہائی سخت موقف سے شرکاء پریشان،مسلم لیگ(ق) کی جانب سے دی گئی تجویز پر معاملے میں شدت سے نرمی

تحفظات ختم نہیں ہوئے تو خیبرپختونخوا حکومت وفاق کوہزار ہ میں زمین کی فراہمی کا کام روک دیگی ، پرویزخٹک کی دھمکی

جمعہ 8 جنوری 2016 22:56

چین پاکستان اقتصادی راہداری کے حوالے سے آل پارٹیز کانفرنس میں وزیر ..

پشاور/ڈیرہ اسما عیل خان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔08 جنوری۔2016ء) چین پاکستان اقتصادی راہداری کے حوالے سے جمعیت علمائے اسلام کی آل پارٹیز کانفرنس میں وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کے انتہائی سخت موقف نے کانفرنس کے شرکاء کو پریشانی میں مبتلا کردیا، تاہم مسلم لیگ(ق) کی جانب سے دی گئی تجویز پر معاملہ شدت سے نرمی کی جانب آگیا، آل پارٹیز کانفرنس کے اندرونی زرائع کے مطابق کانفرنس میں وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے واضح کہا کہ اگر وفاق کی جانب سے چین پاکستان اقتصادی راہدرای کے حوالے سے تحفظات ختم نہیں کئے جاتے تو خیبرپختونخواہ حکومت صوبہ میں وفاق کو زمین کی فراہمی سے انکار کرتی ہے اور فوری طور پر ہزار ہ میں اس حوالے سے زمین کی فراہمی کے کام کو روکنے کے احکامات جاری کرتی ہے جس پر بعض سیاسی قائدین تشویش میں مبتلا ء ہو گئے اور وزیر اعلیٰ کے اس موقف کو انتہائی سخت قرار دے دیا، زرائع کے مطابق اس موقع پر مسلم لیگ(ق) کے مرکزی سینئر نائب صدر اجمل خان وزیر نے تجویز پیش کی کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ کا موقف اپنی جگہ درست ہے تاہم اس مرتبہ اس معاملہ پر عمل درآمد سے قبل اگر تمام جماعتوں کی کمیٹی وزیر اعظم پاکستان سے ملاقات کرلے اور اگر وزیر اعظم سے ملاقات میں بھی تحفظات برقرار رہتے ہیں تو پھر زمین کی فراہمی سے انکار پر عمل درآمد کیا جائے ، اجمل وزیر کی اس تجویز پر دیگر جماعتوں کے نمائندوں نے بھی حمایت کی اور وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کو اس حوالے سے راضی کرلیا گیا، زرائع کا کہنا ہے کہ اگلے چنددنوں کے اندر جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان، وزیر اعلیٰ پرویز خٹک، عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یار خان، پشتونخواہ پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی، قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب احمد خان شیرپاؤ، مسلم لیگ (ق) کے سینئر نائب صدر اجمل خان وزیر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر خانزادہ خان پر مشتمل کمیٹی وزیر اعظم پاکستان سے بھی اس ضمن میں ملاقات کرے گی ۔