خاتون صحافی سے بدتمیزی ، این چیپل کا کرس گیل پر دنیا بھر میں پابندی لگانے کا مطالبہ

ہفتہ 9 جنوری 2016 12:12

خاتون صحافی سے بدتمیزی ، این چیپل کا کرس گیل پر دنیا بھر میں پابندی ..

کینبرا (اردو پوا ئنٹ تازہ ترین اخبار9جنوری- 2016ء) آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان این چیپل نے خاتون صحافی سے بدتمیزی کرنیوالے ویسٹ انڈین بلے باز کرس گیل پر دنیا بھر میں پابندی کا مطالبہ کر دیا ، کہتے ہیں خاتون صحافی سے گیل کے نازیبا رویئے پر جرمانہ اور بگ بیش میں پابندی بہت کم سزا ہے ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کےمطابق شہرہ آفاق آسٹریلوی کرکٹر اور سابق کپتان این چیپل نے اپنے کرکٹ بورڈ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ آئی سی سی کو گیل کے دنیا بھر کی لیگوں میں کھیلنے پر پابندی لگانے کی تجویز دے تاکہ وہ آئندہ کسی خاتون کے ساتھ نازیبا حرکت نہ کریں ۔

این چیپل کا کہنا ہے کہ آسٹریلوی بورڈ اپنے تمام کلبوں کوہدایت کرے کہ آئندہ کوئی بھی گیل سے معاہدہ نہ کرے اور تمام دنیا کی ایسا ہی کرنے کی طرف توجہ دلائی جائے ۔ یاد رہے کہ کرس گیل نے چند روز پہلےایک آسٹریلوی خاتون صحافی کو براہ راست انٹرویو دیتے ہوئے اس کی آنکھوں کی تعریف کردی اورساتھ ہی اسے اپنے ساتھ مشروب پینے کی دعوت بھی دے ڈالی جس پر بگ بیش میں ان کی ٹیم میلبورن رینیگیڈز نے انہیں 10 ہزار ڈالر جرمانہ کر دیا تھا جب کہ گیل کو اپنے رویئے پر معافی بھی مانگنا پڑی تھی ۔