میکسیکو نے مفرور اور دنیا کے انتہائی مطلوب ترین منشیات اسمگلر کو دوبارہ گرفتار کر لیا ، میکسیکو کے صدر کی سکیورٹی اداروں اور فورسز کو مبارکباد

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 9 جنوری 2016 12:32

میکسیکو نے مفرور اور دنیا کے انتہائی مطلوب ترین منشیات اسمگلر کو دوبارہ ..

میکسیکو(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 09 جنوری 2016ء) : میکسیکو کی حکومت نے بد نام زمانہ منشیات اسمگلر ’ ایل چیپو‘ گز مین کو گرفتار کر لیا ہے۔میکسیکو کے صدر کے اعلان کیا کہ منشیات میں کاروبار کرنے والا سب سے بڑا آدمی ایل چیپو گزمین گرفتار کر لیا گیا ہے ۔ ساتھ ہی انہوںنے اس کامیابی پر انٹیلی جنس اور کرمنل انوسٹی گیشن کی تعریف بھی کی ۔

گزمین کو گذشتہ روز سینالووا، لوس مچیس سے گرفتار کیا گیا ۔ میکسیکو کے صدر نے ایک نیوز کانفرنس کے دوران اعلان کیا کہ 58سالہ منشیات میں اسمگلنگ کرنے والے سب سے بڑے شخص کی گرفتاری کے بعد عوام اور حکومت کا اپنے اداروں پر اعتماد بحال ہو گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اداروں نے ثابت کر دیا ہے کہ ہم ایسی کسی بھی دھمکی اور چیلنج کو بخوبی اپنا کر انجام دے سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومتی اداروں پر اعتماد بحال ہونے کے بعد عوام ایک مرتبہ پھر سے حکومتی اداروں پر انحصار کر سکتی ہے۔جمعہ کے روز میکسیکو کے صدر نے اپنے ٹویٹر اکاﺅنٹ پر بھی ایل چیپو کی گرفتاری کا اعلان کیا۔ اور کہا کہ ہم نے اپنامشن مکمل کر لیا ہے۔اس آپریشن کے دوران پانچ افراد ہلاک جبکہ ایک کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا ۔ اس چھاپے کے دوران بھاری تعداد میں اسلحہ اور بارودی مواد بھی بر آمد کیا گیا جسے سکیورٹی اداروں نے اپنے قبضے میں لے لیا۔

ایل چیپو جسے شارٹی کے نام سے بھی جانا جاتا تھا ، اسے میکسیکو کا سب سے بڑا منشیات اسمگلر تصور کیا جاتا تھا۔ یو ایس کی ڈرگ انفورسمنٹ ایڈمنسٹریشن نے ایل چیپو کو سب سے بڑا اسمگلر قرار دیتے ہوئے بتایا کہ 2011میں ایل چیپو نے بد نام کوکین کنگ پبلو اسکوبر کو بھی پیچھے چھوڑ دیا تھا۔واشنگٹن نے گزمین کی گرفتاری کو ایک فتح قرار دیا ہے۔ واشنگٹن کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ گزمین کی گرفتار میکسیکو اور امریکہ کی عوام کی فتح ہے۔

گزمین پر بھی امریکہ میں بھی کیسز درج ہیں۔ گزمین کو سب سے پہلے1993میں گرفتار کیا جس کے بعد 2001میں فرار ہو گیا ۔ 13 سال کی ایک طویل تلاش کے بعد گزمین کو 2014میں گرفتار کیا گیا لیکن گذشتہ سال جولائی میں گزمین اپنی جیل میں کھودی گئی ایک ٹنل کے ذریعے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ ایل چیپو نے اپنی آزادی کے لیے فراہم کی جانے والی سہولیات کی مد میں پچاس ملین ڈالر کی رشوت بھی دی۔

متعلقہ عنوان :