اسلامی شریعت کی سزاؤں کو انتقام کے معنوں میں نہیں لینا چاہئے، سعودی مفتی اعظم

ہفتہ 9 جنوری 2016 13:32

اسلامی شریعت کی سزاؤں کو انتقام کے معنوں میں نہیں لینا چاہئے، سعودی ..

جدہ ۔ 09 جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔09 جنوری۔2016ء) سعودی عرب کے مفتی اعظم اور سینئر علماء بورڈ کے سربراہ شیخ عبدالعزیز الشیخ نے کہا ہے کہ اسلامی شریعت کی سزاؤں کو انتقام کے معنوں میں نہیں لینا چاہئے۔ سعودی میڈیا کے مطابق گزشتہ روز امام ترکی بن عبدالعزیز مسجد میں خطبہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شریعت میں مختلف جرائم کیلئے جو سزائیں مقررہ ہیں انہیں انتقام قرار نہیں دینا چاہئے، درحقیقت یہ سزائیں اللہ کی طرف سے انسانوں پر رحم ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسلام معاشرے کو جرائم اور فساد سے بچانے کی تلقین کرتا ہے۔ اسلام عقیدے اور جان ومال کی حرمت کی حفاظت کی ضمانت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام نے جرائم کے انسداد کیلئے دو طریقہ کار وضع کئے ہیں جس میں اسلامی تعلیمات کے بارے میں آگاہی اور لوگوں کو برائیوں سے بچانے کی تلقین شامل ہے۔ قرآن اور سنت میں لوگوں کو نیکی کی تلقین اور برائیوں سے بچنے کی تعلیم دی گئی ہے۔ سعودی مفتی اعظم کا کہنا تھا کہ مجرموں کو سزائے موت دینے کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ شہری امن اور سکون کے ساتھ شریعت کے مطابق اپنی زندگی گزار سکیں۔