حکمرانوں کو اس ظلم پر مبنی حکمرانی کا جواب دینا ہو گا‘ سعدیہ سہیل رانا

ہفتہ 9 جنوری 2016 13:38

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔09 جنوری۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کی جنرل سیکرٹری شعبہ خواتین و رکن پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل رانا نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن)کی حکومت نے کسان کو پریشان اور زراعت کو سسکنے پر مجبور کر دیا ہے بیرونی قرضے لے کر ناکام سکیموں، سڑکوں اور پلوں پر خرچ کیا جا رہا ہے عوام سے اونے پونے داموں پر اراضی چھینی جا رہی ہے اچھی بھلی سڑکوں اور عمارتوں کو مسمار کرے کے عوام میں انتشار اور ہیجانی بڑھا دی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب میں عوام فضلہ ملے ہوئے پانی کو پینے پر مجبور ہیں کیونکہ زیر زمین واٹر سپلائی اور سیوریج کی لائنیں خستہ حالی کی وجہ سے باہم گلے مل رہی ہیں۔ لیکن حکمرانوں کو کمیشن والے منصوبے سے ہی فرصت نہیں۔ حکمرانوں کا نعرہ کہ ہم ترقی کے دہانے پر کھڑے ہیں منزل قریب ہے سراسر جھوٹ پر مبنی ہے کیونکہ سڑکوں اور پلوں سے بیرون ملک سے آئے ہوئے وفود کو تو مرعوب کیا جا سکتا لیکن عوام کی حالت زار نہیں بدل سکتی۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کو اس ظلم پر مبنی حکمرانی کا جواب دینا ہو گا۔