پسے ہوئے طبقات آئندہ انتخابات میں ووٹ کی طاقت سے حکمرانوں کی ” میٹرو مارکہ گورننس “ کو مسترد کر دینگے‘ مسرت چیمہ

ہفتہ 9 جنوری 2016 16:25

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔09 جنوری۔2016ء) تحریک انصاف شعبہ خواتین ونگ کی رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ عوام سے ووٹ لے کر اقتدار میں آنے کے دعوے کرنے والوں کے سارے منصوبے اور پالیسیاں اپنی ذاتی تسکین اور مخصوص طبقے کی زندگیوں میں آسودگی لانے کیلئے ہیں ،پسے ہوئے طبقات کو صحت اور تعلیم جیسی بنیادی سہولیات ہی میسر نہیں جبکہ حکمرانوں کی ساری توجہ میٹرو بسیں اور میٹرو ٹرینیں دوڑانے پر مرکوزہے ۔

گزشتہ روز پارٹی دفتر میں ضلع شیخوپورہ سے تعلق رکھنے والی پی ٹی آئی کی خواتین کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے مسرت چیمہ نے کہا کہ عوام اب با شعور ہو چکے ہیں اور وہ عوامی فلاح اور ذاتی مفاد کے منصوبوں میں فرق کرنا جانتے ہیں۔ پسے ہوئے طبقات آئندہ عام انتخابات میں اپنے ووٹ کی طاقت سے پنجاب کے حکمرانوں کی ” میٹرو مارکہ گورننس “ کو مسترد کر دیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت عوام کو صحت ،تعلیم اور پینے کے صاف پانی سمیت بنیادی سہولیات کی فراہمی اور ان کی زندگیوں میں آسودگی لانے کے منصوبوں کا آغاز کرتی تو ہم اسے ہر سطح پر سراہتے لیکن بد قسمتی سے گزشتہ کئی سالوں سے ایسا کچھ نظر نہیں آرہا۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ہرگز مخالفت برائے مخالفت کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی بلکہ ہم حکمرانوں کی توجہ سسکتے اور بلکتے عوام کی طرف دلانا چاہتے ہیں جنہیں معیاری تعلیم اور علاج کی سہولیات تو درکنار دو وقت کی روٹی بھی میسر نہیں۔

مسرت چیمہ نے مزید کہا کہ خیبر پختوانخواہ اور پنجاب کی صوبائی حکومتوں کی کارکردگی اورعوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کے موازنے پر مبنی جائزہ رپورٹ جلد عوام کے سامنے کے سامنے لائیں گے جس سے پنجاب کے حکمرانوں کی کارکردگی کا سارا پول کھل جائے گا۔

متعلقہ عنوان :