ریسکیو 1122 نے ڈویژن کی سطح پر اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیمز کے قیام کا آغاز کر دیا گیا

ہفتہ 9 جنوری 2016 16:31

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔09 جنوری۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایات پر ریسکیو1122 نے ڈویژن کی سطح پر اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیمز کے قیام کا آغاز کر دیا۔ ڈائریکٹر جنرل پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو1122 بریگیڈئیر( ر) ڈاکٹر ارشد ضیاء نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کا یہ دانشمندانہ قدم ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 کی استعدادِ کارکو بڑھائے گا۔

اس حوالے سے پہلے مرحلے میں لاہور اور راولپنڈی ڈویژنل ہیڈکواریٹر زمیں اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیمز کے قیام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔جس کے لئے اخبارات میں اشتہارات دیئے جا چکے ہیں۔ہر ڈویژن کی ٹیمز 50 رکنی ریسکیورز پر مشتمل ہو گی۔ دلچسپی رکھنے والے امیدوار نیشنل ٹیسٹنگ سروس(NTS)کے ذریعے ایمرجنسی سروس کا حصہ بن سکیں گے۔

(جاری ہے)

مزید براں ان ٹیمز کے لیے مخصوص مشینری آلات اور ایمرجنسی وہیکلز کے لیے بھی ٹینڈر کا اشتہار اخبار میں دیا جا چکا ہے تاکہ اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیمزکو تعیناتی اور تربیت کا مرحلہ ختم ہونے کے فوراََ بعد اپنے اپنے متعلقہ ڈویژ ن میں فعال بنایا جاسکے۔

ڈائریکٹر جنرل نے مزید بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے 09ڈویثرنز بشمول لاہور،راولپنڈی، ملتان ، فیصل آباد ،گوجرانوالہ، سرگودھا، ساہیوال، ڈی جی خان اوربہاولپور میں خصوصی اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیمز کے قیام کی منظوری دی ہوئی ہے۔پہلے مرحلے میں لاہور اور راولپنڈی میں ان ٹیمز کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔مزید براں ایمرجنسی سروس ریسکیو1122 پاکستان آرمی کے ساتھ مل کر ان خصوصی ٹیمز کے تر بیتی معیار کو یقینی بنائے گی۔

ڈائریکٹر جنرل نے کہا یہ وقت کی اہم ضرورت ہے کہ (USAR) کی خصوصی ٹیمز کا قیام عمل میں لایا جائے تاکہ خصوصی تربیت کے حامل ریسکیورز خصوصی آپریشنز بشمول عمارتیں منہدم ہونے کے واقعات قدرتی آفات اور پیچیدہ ایمرجنسیز میں اپنے فرائض بہترطور سرانجام دے سکیں۔ ہر ڈویژن میں 50 رکنی (USAR) ٹیمز کا قیام یقینا وزیراعلیٰ پنجاب کا عوام الناس اور ایمرجنسی سروس کے لیے ایک تحفہ ہوگا۔ کیونکہ ان ٹیمز کی تشکیل سے ریسکیو 1122 کے آپریشن کی استعدادِ کار مزید بہتر ہوگی اور ریسکیو رز محفوظ معاشرے کے قیام کے لیے پیشہ وارنہ کارکردگی موثر انداز میں پیش کر سکیں گے۔