مارگلہ کی پہاڑیوں میں3ہزار فٹ کی بلندی پر دوہزار سال پرانی تہذیب کا سراغ لگالیاگیا

مارگلہ کی پہاڑیوں کے دامن سے کشان دور کے سکے اور کئی نادر اشیاء بھی ملی ہیں،ماہرین حکومت سہولیات دے تو علاقے میں سیاحت کو فروغ مل سکتا ہے، رپورٹ

ہفتہ 9 جنوری 2016 16:35

مارگلہ کی پہاڑیوں میں3ہزار فٹ کی بلندی پر دوہزار سال پرانی تہذیب کا ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔09 جنوری۔2016ء) اسلام آباد سے مغرب کی جانب مارگلہ کی پہاڑیوں میں ماہرین آثارقدیمہ نے 3ہزار فٹ کی بلندی پر دوہزار سال پرانی تہذیب کا سراغ لگالیا ہے جس سے اس علاقہ میں سیاحت کے فروغ کے امکانات پیدا ہوگئے ہیں۔ماہرین کے مطابق یہ آثار دوہزار سال قبل کی کشان تہذیب کے ہیں جہاں ایک میدان میں اس دور کی خستہ حال تاریخی عمارت اور یادگار کے آثار اب بھی موجود ہیں۔

(جاری ہے)

محکمہ آثار قدیمہ کے مطابق 2 ہزارسال قبل وسطی ایشیا ئی ریاستوں سے کشان قوم مارگلہ کی ان پہاڑیوں میں آباد ہوئی جنہوں نے یہ یادگار تعمیر کروائی جو اس وقت کی طرز تعمیر کا منفرد نمونہ ہے۔ماہرین کے مطابق تاریخی حوالوں سے معلوم ہوتا ہے کہ 1000سال پہلے محمود غزنوی نے پنجاب میں داخلے کیلئے مارگلہ کے اسی پہاڑی راستے کو عبور کیا اور ایک فوجی چوکی قائم کی اور اس مقام پر یہ مسجد اور تالاب تعمیر کیا۔ مارگلہ کی پہاڑیوں کے دامن سے کشان دور کے سکے اور کئی نادر اشیاء بھی ملی ہیں۔ماہرین کے مطابق اس نئی تہذیب کی دریافت سے دنیا بھر کے سیاحوں کا رخ اس وادی کی جانب مڑ سکتا ہے تاہم اس کیلئے حکومت کو اس نئی تہذیب سے دنیا کو متعارف کروانا اور سیاحوں کو سہولیات دینا ہونگی۔