خواتین دن میں کم از کم 8مرتبہ خود پرتنقید کرتی ہیں، سروے

سروے کے تحت خواتین کی اکثریت بڑھتے پیٹ سے پریشان ہوتی ہے، رپورٹ

ہفتہ 9 جنوری 2016 16:38

خواتین دن میں کم از کم 8مرتبہ خود پرتنقید کرتی ہیں، سروے

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔09 جنوری۔2016ء) برطانوی ادارے کی جانب سے کیے گئے سروے میں یہ دلچسپ بات سامنے آئی ہے کہ خواتین خود پر سختی کرتے ہوئے اپنے آپ پر تنقید کرتی رہتی ہیں اور ایک دن میں کم ازکم 8 مرتبہ وہ خود پر تنقید کرتی ہیں یا اپنے ذہن میں اس متعلق سوچتی ہیں۔برطانوی ادارے کی جانب سے کیے گئے سروے میں 2000 برطانوی خواتین کو شامل کیا گیا جس کے مطابق 40 فیصد خواتین نے یہ اعتراف کیا کہ وہ صبح دن شروع ہوتے ہی خود کو کوسنا شروع کرتی ہیں۔

سروے کے تحت وزن بڑھنے اور موٹاپے پر خواتین کی خود پر تنقید عام ہے، پھر سیلفی اور تصاویر پر دوستوں کی جانب سے ہونے والی نکتہ چینی اسے مزید بڑھاتی ہے اور اس کا اثر خواتین کے کیریئر، زندگی اور تعلقات پر پڑتا ہے اور وہ خود پر بے یقینی اور بد اعتمادی کی شکار ہوجاتی ہیں۔

(جاری ہے)

سروے کے تحت خواتین کی اکثریت بڑھتے ہوئے پیٹ سے پریشان ہوتی ہے اور اس کے علاوہ وہ چاہتی ہیں کہ ہر لباس ان پر جچے اور ان کی تصاویر اچھی آئیں جب کہ خواتین میں یہ خدشہ بھی ہوتا ہے کہ وہ اپنے شوہروں کے لیے پرکشش نہیں رہیں اور اس کا برملا اظہار کرتی رہتی ہیں۔

اس سروے کے اہم رکن کا کہنا تھا کہ آج کا دور تصاویر اور ویڈیو کا ہے اور اس جدید کلچر کی وجہ سے خواتین میں خود پر تنقید اور شدت کا ایک رویہ پیدا ہوا ہے لیکن اچھی بات یہ ہے کہ خواتین اور لڑکیاں اسے بہتر بنانے کے لیے محنت کرتی ہیں اور خود پر تنقید کے بعد بھی زیادہ مثبت اور خود اعتماد رہتی ہیں۔