چیف سیکرٹری پنجاب نے پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ کے سائٹ آفس کا افتتاح کر دیا

انسٹی ٹیوٹ کی تعمیر کا پہلا مرحلہ اگست 2017ء میں مکمل ہو جائے گا جو 200بستروں پر مشتمل ہو گا‘ سیکرٹری صحت

ہفتہ 9 جنوری 2016 21:31

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔09 جنوری۔2016ء) چیف سیکرٹری پنجاب خضرحیات گوندل نے پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ (پی کے ایل آئی) کے سائٹ آفس کا افتتاح کر دیا۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری پنجاب نے کہا ہے کہ پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ اینڈ ریسرچ سینٹر طبی سہولتوں کی فراہمی اور میڈیکل ریسرچ کے حوالے سے اپنی نوعیت کا منفرد ادارہ ہو گا۔

اس سٹیٹ آف دی آرٹ انسٹی ٹیوٹ میں جگر اور گردے کے امراض میں مبتلا مریضوں کو علاج معالجے اورٹرانسپلانٹ کی بہترین سہولتیں ایک چھت تلے میسر ہوں گی۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت منصوبے کی بروقت تکمیل کے لئے مکمل تعاون فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبے کی بہتری اور عوام کو جدید طبی سہولتوں کی فراہمی حکومت کی سرفہرست ترجیحات میں شامل ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت عوام کو سہولیات کی فراہمی اور ان کا معیار زندگی بلند کرنے کے لئے ہمہ وقت کوشاں ہے اور صحت‘ تعلیم‘ انرجی اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں کی ترقی کے لئے خصوصی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔چیف سیکرٹری نے نوتعمیر شدہ سائٹ آفس کے مختلف حصوں کا دورہ بھی کیا۔مشیرصحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ صوبائی حکومت تعلیم اور صحت کے شعبوں کی ترقی کے لئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور صوبے کی تاریخ میں پہلی بار صحت کے شعبے کے لئے سب سے زیادہ بجٹ مختص کیا گیا ہے۔

چیئرمین پی کے ایل آئی پروفیسر ڈاکٹرسعید اختر نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ انسٹی ٹیوٹ کی ڈیزائننگ کا کام مکمل کر لیا گیا ہے جس کے لئے سنگاپور کے ڈیزائنرز کی خدمات لی گئیں۔ انہوں نے بتایا کہ انسٹی ٹیوٹ کے لئے شمالی امریکہ اور برطانیہ کے طبی ماہرین کی خدمات حاصل کرنے کے لئے رابطہ کیا جا رہاہے۔سیکرٹری صحت نجم احمد شاہ نے کہا کہ انسٹی ٹیوٹ کی تعمیر کا پہلا مرحلہ اگست 2017ء میں مکمل ہو جائے گا جو 200بستروں پر مشتمل ہو گا۔ افتتاحی تقریب میں پی کے ایل آئی کے بورڈ آف گورنرز کے ممبران اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :