امریکی صدر کے کتے کے اغواء کا منصوبہ ناکام ،پولیس نے ایک شخص کو گرفتارکرلیا

سکارٹ نامی شہری اوباما کے کتوں ’بو‘ یا ’سنی‘ میں سے کسی ایک کو اغوا کرنے کی منصوبہ سازی کر رہا تھا،ملزم کی گاڑی سے ہتھیار ملے ہیں جن میں دو بندوقوں کے علاوہ ایک خنجر بھی شامل ہے،پولیس حکام

اتوار 10 جنوری 2016 13:14

امریکی صدر کے کتے کے اغواء کا منصوبہ ناکام ،پولیس نے ایک شخص کو گرفتارکرلیا

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔10 جنوری۔2016ء )امریکی پولیس نے صدر براک اوباما کے کتے کے اغواء کو منصوبہ ناکام بناتے ہوئے ایک شخص کو گرفتارکرلیا۔غیر ملکی میڈیاکے مطابق امریکی پولیس نے سکارٹ نامی شہری کو گرفتار کر کے امریکی صدر اوباما کے کتے کے اغوا کا منصوبہ ناکام بنا دیا۔ حکام کے مطابق ریاست نارتھ ڈیکوٹا کا سکارٹ نامی ایک شہری صدر اوباما کے کتوں ’بو‘ یا ’سنی‘ میں سے کسی ایک کو اغوا کرنے کی منصوبہ سازی کر رہا تھا۔

(جاری ہے)

واشگٹن کی پولیس کو سکارٹ کی گاڑی سے ہتھیار ملے ہیں جن میں دو بندوقوں کے علاوہ ایک خنجر بھی شامل ہے۔ پولیس کے مطابق سکارٹ نے گرفتاری کے بعد بہت عجیب دعوے کیے ہیں جن میں امریکی صدارتی انتخابات میں حصہ لینے کے ارادے کا بیان بھی شامل ہے۔ عدالتی دستاویز کے مطابق اس شخص نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ وہ سابق صدر کینیڈی اور آنجہانی اداکارہ مارلن مینرو کا بیٹا ہے۔ حکام کا اگرچہ کہنا ہے کہ سکارٹ امریکی صدر کے کتے کو اغوا کرنے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا لیکن اس پر اس جرم کے بجائے ہتھیار رکھنے کے قوانین کی خلاف ورزی کی فردِ جرم عائد کی گئی ہے۔واضح رہے صدر اوباما کے خاندان نے بو کو 2009 میں لیا تھا اور سنی 2013 میں امریکی صدر کی رہائش گاہ وائٹ ہاوس کا مکین بنا۔