گپٹل اور منرو کی ریکارڈ ساز ففٹی، نیوزی لینڈ فتحیاب

Fahad Shabbir فہد شبیر اتوار 10 جنوری 2016 17:32

گپٹل اور منرو کی ریکارڈ ساز ففٹی، نیوزی لینڈ فتحیاب

آکلینڈ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10جنوری۔2016ء) نیوزی لینڈ نے مارٹن گپٹل اور کولن منرو کی ریکارڈ ساز بلے بازی کی بدولت سری لنکا کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں باآسانی نو وکٹ سے شکست دے کر سیریز میں کلین سوئپ مکمل کر لیا. ایڈن پارک آکلینڈ میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا اور سری لنکن ٹیم 70 رنز پر چھ وکٹیں گنوا کر شدید مشکلات سے دوچار تھی۔

اس موقع پر کپتان اینجلو میتھیوز کیوی باؤلرز خلاف ڈٹ گئے اور تن تنہا حریف کا مقابلہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کا مجموعہ 142 رنز تک پہنچا دیا۔ میتھیوز نے صرف 49 گیندوں پر سات چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 81 رنز کی دلفریب اننگ کھیلی۔ سری لنکا نے آٹھ وکٹ پر 142 رنز بنائے، نیوزی لیںڈ کی جانب سے گرانٹ ایلیٹ چار وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے جبکہ مچل سینٹنر اور ایڈم ملنے نے دو دو وکٹیں اپنے نام کیں۔

(جاری ہے)

جواب میں سری لنکن باؤلرز کے ساتھ جو ہوا وہ ان کے وہم و گمان میں بھی نہ ہو گا۔ گزشتہ دنوں ایک روزہ میچوں میں سری لنکن باؤلرز پر برسنے والے مارٹن گپٹل نے ایک بار پھر جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور صرف 19 گیندوں پر پانچ فلک بوس چھکوں اور چھ چوکوں کی مدد سے نصف سنچری بنا کر نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں تیز ترین ففٹی کا ریکارڈ بنا دیا لیکن شاید ان کے علم میں نہ تھا کہ ان کا یہ ریکارڈ محض چند منٹ ہی قائم رہ سکے گا۔

89 کے مجموعی اسکور پر گپٹل 63 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو میدان میں کولن منرو کی آمد ہوئی جنہوں نے صرف 14 گیندوں پر نصف سنچری بنا کر گپٹل کو اس ریکارڈ سے محروم کردیا۔ لیکن منرو دو گیندوں کے فرق سے یوراج سنگھ کا ٹی ٹوئنٹی میں تیز ترین نصف سنچری کا ریکارڈ نہ توڑ سکے جو 12 گیندوں پر 50 بنا کر اس ریکارڈ پر قابض ہیں۔ ان کی 14 گیندوں پر بنائی گئی ففٹی میں سات چھکے اور ایک چوکا شامل تھا۔

ان دونوں کھلاڑیوں کی جارحانہ بلے بازی کی بدولت نیوزی لینڈ نے محض 10 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر ہدف تک رسائی حاصل کر لی، دوسرے اینڈ پر موجود کپتان کین سلیمسن نے 32 رنز بنائے۔ کولن منرو کو جارحانہ اننگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ اس میچ میں فتح کے ساتھ ہی نیوزی لینڈ نے سری لنکا کے خلاف 2-0 سے کلین سوئپ مکمل کیا جبکہ ناکامیوں سے بھرپور سری لنکا کا دورہ نیوزی لینڈ بھی اختتام پذیر ہوا۔