امیتابھ بچن میرے ساتھ فلموں میں کام نہیں کرنا چاہتے تھے‘ شترو گن سنہا کا اپنی کتاب میں انکشاف

پیر 11 جنوری 2016 15:29

امیتابھ بچن میرے ساتھ فلموں میں کام نہیں کرنا چاہتے تھے‘ شترو گن سنہا ..

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔11 جنوری۔2016ء) بالی و وڈ کے ماضی کے سپر ہیرو اداکار شتروگن سنہا کا اپنے حریف اداکار امیتابھ بچن کے حوالے سے کہنا ہے کہ وہ اْن کے ساتھ فلموں میں کام نہیں کرنا چاہتے تھے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق حال ہی میں شائع ہونے والی شتروگن سنہا کی سوانح عمری میں انہوں نے اپنے وقت کے کامیاب اداکار امیتابھ بچن کے حوالے سے کئی دلچسپ انکشافات کیے ہیں۔

شتروگن سنہا کا کہنا تھا کہ ان کی فلموں کو ملنے والے اچھے ردعمل کے باعث بولی وڈ کے میگا اسٹار امیتابھ بچن ان کے ساتھ کام نہیں کرنا چاہتے تھے۔ ایک اور جگہ شتروگن نے امیتابھ بچن کے غصے کے حوالے سے بتایا کہ ایک فلم کی شوٹنگ کے دوران امیتابھ بچن نے ہدایت کار راج کھوسلہ سے کافی برے انداز میں بات کی جس کی وجہ سے ہدایت کار راج کی آنکھوں میں آنسو آگئے تھے۔

(جاری ہے)

جب شتروگن سنہا کی بیٹی اداکارہ سوناکشی سنہا سے ان کی سوانح عمری اور امیتابھ بچن کے ساتھ تعلق کے حوالے سے سوال کیا گیا تو سوناکشی کا کہنا تھا کہ دونوں اداکار حریف ہونے کے ساتھ ساتھ ایک دوسرے کے دوست بھی ہیں اور دونوں کو ہی اس بات سے کوئی مسئلہ نہیں۔ سوناکشی کا اس سوانح عمری کے متعلق مزید کہنا تھا کہ انہیں اپنے والد کے بچپن کے بارے میں پڑھنا سب سے زیادہ دلچسپ لگا کیوں کہ اب وہ انہیں مزید بہتر طریقے سے جان سکتی ہیں اور انہیں اپنے والد پر فخر ہے۔