محتسب پنجاب کامحکمہ داخلہ پنجاب کو سرکاری گاڑیوں کی مرمت کے بقایا جات اداکرنے کا حکم

پیر 11 جنوری 2016 16:44

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔11 جنوری۔2016ء) محتسب پنجاب جاوید محمود نے پرائیویٹ آٹو ورکشاپ کی جانب سے سرکاری گاڑیوں کی مرمت کا بل ادا نہ کرنے کی درخواست پر فیصلہ دیتے ہوئے ہوم ڈیپارٹمنٹ پنجاب حکومت کو سرکاری گاڑیوں کی مرمت کی 2لاکھ 47ہزار روپے کی رقم متعلقہ آٹو موبائل ورکشاپ کو ادا کرنے کا حکم دیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق فتح شیرروڈ ،نیو مزنگ لاہور پر واقع آٹو ورکشاپ کے مالک محمد اصغر نے محتسب پنجاب کو درخواست دی کہ اس نے سیکشن افسر محکمہ ہوم ،حکومت پنجاب کی ہدایت پر 2013اور2014کے دوران سرکاری گاڑیوں کی مرمت کاکام کیا اورتمام دستاویزات کے ساتھ مبلغ 3لاکھ 8ہزار روپے کا بل ہوم ڈیپارٹمنٹ کو بھجوایا جس میں سے 61ہزار 6سو روپے کی ادائیگی ہوچکی ہے لیکن 2لاکھ 47ہزار روپے کی بقایا رقم اداکرنے میں تاخیری حربے استعمال کئے جارہے ہیں ۔

(جاری ہے)

محتسب پنجاب نے ایڈوائزر لاہور ضیاء الرحمن کو انکوائری افسر مقرر کیا جنہوں نے سیکریٹری داخلہ سے رپورٹ طلب کی۔سیکریٹری داخلہ کی رپورٹ کے مطابق آٹو موبائل ورکشاپ کو 9جولائی 2015کو مبلغ 61ہزار 6سو روپے کی ادائیگی کردی گئی تھی جبکہ بقایا رقم کیلئے ورک آرڈر کی کاپیاں اوربل محکمہ داخلہ کو پیش نہیں کیا گیا۔شکایت کنندہ کے بیان کے مطابق بقایا رقم کے بل اورورک آرڈر کی کاپیاں بروقت محکمہ داخلہ کو فراہم کردی گئی تھیں ۔محتسب پنجاب نے سیکرٹری داخلہ کو حکم دیاہے کہ سرکاری گاڑیوں کی مرمت کے بقایا جات کے بل اورتمام ضروری دستاویزات پرکاروائی مکمل کرکے متعلقہ آٹو ورکشاپ کو مبلغ 2لاکھ 47ہزار روپے کی فوری ادائیگی کی جائے ۔

متعلقہ عنوان :