کسی فرد یا ادارے اور مذہب کے نام پر انتہاء پسندوں کو زبردستی اقتدار پر قبضہ نہیں کرنے دیں ،علامہ یوسف اعوان

پیر 11 جنوری 2016 19:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔11 جنوری۔2016ء) پیپلز پارٹی علماء ونگ پنجاب کے صدر اور اسلامی نظریاتی کونسل کے رکن علامہ محمد یوسف اعوان نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کے ترجمان زعیم قادری اپنی نوکری پکی کرنے اور اپنا سیاسی قد کاٹھ بڑھانے کے لئے چیرمین پیپلز پارٹی پر تنقید کررہے ہیں وہ ہمارے چیرمین کے سوال کا اپنے لیڈروں سے جواب لیکر دیں کہ انہوں نے پنجاب میں کتنے فیصد قومی ایکشن پلان پر عمل درآمد کیا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی جمہوریت کو مضبوط کرنا چاہتی ہے لیکن موجودہ حکومت کی انتقامی اور بدنیتی پر مبنی پالیسیوں کے باعث صوبوں اور وفاق میں بداعتمادی بڑھ رہی ہے سیاسی جوڑ توڑ کے لیے پیپلز پارٹی پر کرپشن کے الزامات لگائے جا رہے ہیں جسکی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے انہو ں نے کہا کہ من پسند احتساب ، دوہرا معیار اور سیاسی جوڑ توڑ کے لیے کرپشن کا نام استعمال کرنا بھی بدترین قسم کی کرپشن ہے، کسی فرد یا ادارے اور مذہب کے نام پر انتہاء پسندوں کو زبردستی اقتدار پر قبضہ نہیں کرنے دیں گے۔