بنگلہ دیش میں اسلام اور دوقومی نظریے کے خلاف بھارتی جارحیت کا تسلسل جاری ہے‘ذکراﷲ مجاہد

بنگلہ دیش میں جماعت اسلامی کے رہنماؤں کو سزائیں کالے قانون کے تحت دی جا رہی ہیں‘ امیر جماعت اسلامی لاہور

پیر 11 جنوری 2016 19:43

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 جنوری۔2016ء ) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اﷲ مجاہد نے کہا ہے کہ بنگلہ دیش میں اسلام اور دوقومی نظریے کے خلاف بھارتی جارحیت کا تسلسل جاری ہے ڈھاکہ حکومت کا اصل اقتدار دہلی میں ہے جس کی ایما پر بنگلہ دیش میں وطن پر ست محب وطن جماعت اسلامی کے رہنما ؤں کو قیدو بند اور پھانسی کی سزائیں دی جا رہی ہیں ۔

ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز دفتر جماعت میں عشرہ احتجاج منانے کے حوالے سے ضلعی ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ عشرہ احتجاج میں جتنے بھی پروگرام منعقد کیے جائیں گے ان کا مقصد بنگلہ دیش میں جماعت اسلامی کے رہنماؤں کی سزاؤں کو ختم کروانا اور شیخ حسینہ واجد کے سیاسی انتقام کے خلاف اور عالمی امن کے اداروں ، تنظیموں اور این جی اوز کو ہوش کے ناخن دلوانا ہے جو مجرمانہ خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ بنگلہ دیش میں بنیادی انسانی، شہری اور سیاسی حقوق کو بری طرح پامال کیا جا رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی ایجنٹ شیخ حسینہ واجد اور اس کی پارٹی عروج سے اپنے زوال کی جانب گامزن ہے اور اس کا انجام کچھ زیادہ دور نہیں ۔ موجودہ بنگلہ دیشی حکومتی ٹولہ جمہوری اور سیاسی سطح پر جماعت اسلامی کا مقابلہ کرنے کی بجائے اوچھے ، ظالمانہ اور مسلسل غیر قانونی ہتھکنڈوں پر اترآیا ہے جس کا بدترین مظاہرہ عدل کے نام پر جعلی ٹربیونل بنا کر من مانے مقدمے اور من پسند فیصلوں کے ذریعے سیاسی انتقام لیا جا رہا ہے ۔

بنگلہ دیش میں جماعت اسلامی کی مرکزی قیادت کو قتل اور کارکنان کو ظالمانہ قیدو بند اور درندگی پر مبنی تشدد کر کے ختم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہیں جو کھلی انسانی دہشتگردی ہے ۔