وزیراعظم کو پاک چین اقتصادی راہداری کے مغربی روٹ پر اقتصادی زونز بارے رپورٹ پیش کردی گئی

منگل 12 جنوری 2016 13:25

وزیراعظم کو پاک چین اقتصادی راہداری کے مغربی روٹ پر اقتصادی زونز بارے ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔12 جنوری۔2016ء) وزیراعظم میاں نواز شریف کو پاک چین اقتصادی راہداری کے مغربی روٹ پر اقتصادی زونز کے قیام بارے رپورٹ پیش کردی گئی‘ پاک چین اقتصادی راہداری کے مغربی روٹ پر 12مقامات پر اقتصادی زون قائم کئے جائیں گے جن میں 5 زون بلوچستان جبکہ 7 خیبرپختونخوا میں قائم کئے جائیں گے۔ منگل کو وزیراعظم میاں نواز شریف کو پاک چین اقتصادی راہداری کے مغربی روٹ پر اقتصادی زونز کے قیام بارے پیش کی گئی رپورٹ کی تفصیلات جاری کردی گئیں۔

وزیراعظم میاں نواز شریف نے مغربی روٹ جو کہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا سے گزرنا ہے کے بارے میں اقتصادی زونز کے مقامات کی نشاندہی کے لئے کمیٹی قائم کی تھی ۔ کمیٹی نے اپنی رپورٹ وزیراعظم آفس کو پیش کی جس کی تفصیلات جاری کردی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

پاک چین اقتصادی راہداری کے مغربی روٹ پر بلوچستان میں پانچ اقتصادی زونز قائم کئے جائیں گے جن میں ایک ہزار ایکڑ پر مشتمل تربت انڈسٹریل اینڈ ٹریڈنگ اسٹیٹ‘ پانچ ہزار ایکڑ پر مشتمل انڈسٹریل اسٹیٹ خضدار‘ کوئٹہ کے قریب دشت انڈسٹریل زون ‘ ہزار ایکڑ پر مشتمل بوستان انڈسٹریل اسٹیٹ جبکہ قلعہ سیف الله ‘ ژوب اور لورا لائی میں جنکشن پر انڈسٹریل زونز قائم کئے جائیں گے۔

پانچ اقتصادی زونز کے علاوہ بلوچستان میں فری زون بھی قائم کیا جائے گا جس کے لئے زمین چینی حکام کے حوالے کردی گئی ہے۔ جبکہ خیبرپختونخوا میں پاک چین اقتصادی راہداری پر سات اقتصادی زونز قائم کئے جائیں گے جن میں مانسہرہ میں 80ایکڑ پر مشتمل ماربل اینڈ گرنائیٹ ‘ انڈسٹریل اسٹیٹ حطار جبکہ نوشہرہ میں ایم ون پر کرنل شیر خان انٹرچینج کے قریب ایک ہزار ایکڑ پر مشتمل انڈسٹریل سٹیٹ قائم کی جائے گی۔

424 ایکڑ پر مشتمل انڈسٹریل سٹیٹ حطار میں فیز سیون قائم کیا جائے گا‘ 90 ایکڑ پر حطار ٹو میں انڈسٹریل اسٹیٹ غازی قائم کیا جائے گا۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں 188ایکڑ پر مشتمل انڈسٹریل سٹیٹ قائم کیا جائے گا۔ پاک چین اقتصادی راہداری کے مغربی روٹ پر کوہاٹ اور کرک کی سرحد پر واقع ایک ہزار ایکڑ پر مشتمل انڈسٹریل سٹیٹ قائم کیا جائے گا۔ پاک چین کوریڈور کے مغربی روٹ پر بنوں میں چار سو ایکڑ پر مشتمل انڈسٹریل اور اکنامک زون تشکیل دیا جائے گا۔

مغربی روٹ بارے وزیراعظم میاں نواز شریف کی جانب سے اقتصادی زونز کی نشاندہی کے لئے قائم کی گئی کمیٹی کا اجلاس 9 دسمبر 2015 کو اسلام آباد میں ہوا تھا جس میں نجکاری کمیشن کے چیئرمین مفتاح اسماعیل‘سیکرٹری بی او آئی افتخار بابر‘ چیف سیکرٹری بلوچستان سیف الله چٹھہ‘ چیئرمین این ایچ اے شاہد اشرف تارڑ‘ ایڈیشنل سیکرٹری بجٹ ڈاکٹر شجاعت علی‘ ایڈیشنل سیکرٹری ایم او انڈسٹری اسلام آباد شیر ایوب خان‘ ایڈیشنل سیکرٹری واٹر اینڈ پاور عمر رسول‘ ایڈیشنل سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ظفر حسن‘ جوائنٹ سیکرٹری ڈویلپمنٹ سید توقیر اور سی ای او کے پی ای زیڈ ڈی اینڈ ایم سی پشاور محسن ایم سید شریک تھے۔

متعلقہ عنوان :