وزیر اعلیٰ سے چیئرمین چائنہ تھری گورجیس کی ملاقات،توانائی سیکٹر خصوصاً سمال ہائیڈل پراجیکٹس میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال

پنجاب حکومت کیساتھ توانائی کے شعبہ خصوصا سمال ہائیڈل پاور پراجیکٹس میں تعاون کریں گے‘ چیئرمین چائنہ تھری گورجیس لو چن

منگل 12 جنوری 2016 19:06

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 جنوری۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے چین کی توانائی کے شعبہ کی معروف بین الاقوامی کمپنی چائنہ تھری گورجیس کارپوریشن کے چیئرمین لوچن کی سربراہی میں اعلی سطح کے وفد نے ملاقات کی جس میں پنجاب میں توانائی کے شعبہ خصوصا سمال ہائیڈل پاور پراجیکٹس میں سرمایہ کاری اور تعاون کو فروغ دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

چائنہ تھری گورجیس کارپوریشن نے پنجاب میں سمال ہائیڈل پاور پراجیکٹس میں تعاون پر آمادگی کا اظہار کیا اور اس ضمن میں چائنہ تھری گورجیس کے ماہرین کا وفد جلد پنجاب کا دورہ کرے گا۔ وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف نے چینی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین انتہائی با اعتماد اور مخلص دوست ہیں۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم محمد نواز شریف کے دور میں پاکستان اور چین کے مابین معاشی تعاون کی نئی راہیں کھلی ہیں۔

چین کی جانب سے 46 ارب ڈالر کا اقتصادی پیکیج پاکستان کے لئے ایک عظیم تحفہ ہے۔ تاریخ ساز اقتصادی پیکیج چین کے صدر اور وزیراعظم کا وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت پر بھرپور اعتماد اور پاکستانی عوام کے ساتھ والہانہ محبت کا مظہر ہے۔ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور پاکستان سمیت خطے کے لئے ایک گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے۔ سی پیک کے تحت مختلف منصوبوں پر تیز رفتاری سے کام شروع ہو چکا ہے اور منصوبوں کی تکمیل سے پورے پاکستان کو فائدہ پہنچے گا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے صوبے میں سی پیک کے تحت منصوبوں کی مقررہ مدت میں تکمیل کو یقینی بنانے کیلئے بروقت اقدامات اٹھائے ہیں۔ ساہیوال میں 1320 میگاواٹ کے کول پاور پراجیکٹ پر برق رفتاری سے کام جاری ہے، اسی طرح قائداعظم سولر پارک بہاولپور میں 900میگاواٹ کا سولر منصوبہ لگایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شفافیت ، اعلی معیار اور تیزرفتاری سے منصوبوں کی تکمیل پنجاب حکومت کا طرہ امتیاز ہے اور یہی وجہ ہے کہ غیرملکی سرمایہ کار پنجاب کا رخ کر رہے ہیں اور غیرملکی سرمایہ کاروں کو ترجیحی بنیادوں پر سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں سولر ، ونڈ، خصوصا سمال ہائیڈل پراجیکٹس میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں اور اس ضمن میں چائنہ تھری گورجیس کارپوریشن پنجاب حکومت کے ساتھ تعاون کو فروغ دینے کا جائزہ لے اور پنجاب میں توانائی سیکٹر میں بے پناہ مواقع سے فائدہ اٹھائے، ہر ممکن سہولتیں فراہم کریں گے ۔ چائنہ تھری گورجیس کارپوریشن کے چیئرمین لو چن نے اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف توانائی کے منصوبوں کے لئے بے پناہ محنت سے کام کر رہے ہیں۔

چین میں بھی شہباز شریف کی غیر معمولی صلاحیتوں اور برق رفتاری سے کام کرنے کے انداز کو سراہا جاتا ہے۔ پنجاب حکومت کے ساتھ توانائی کے شعبہ خصوصا سمال ہائیڈل پاور پراجیکٹس میں تعاون کریں گے اور اس ضمن میں ہمارے ماہرین کی ٹیم جلد پنجاب کا دورہ کرکے تعاون بڑھانے کے امکانات کا جائزہ لے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ شہباز شریف پر ہمیں بے حد اعتماد ہے اور انہوں نے اپنے صوبے میں غیرملکی سرمایہ کاروں کو ترجیحی بنیادوں پر سہولتیں فراہم کی ہیں۔

ملاقات میں مستقبل میں تعاون کو فروغ دینے کیلئے توانائی کے شعبہ میں ترجیحی منصوبوں کی نشاندہی کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ چائنہ تھری گورجیس کے ایگزیکٹو نائب صدور اور اعلی عہدیداران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ صوبائی وزیر معدنیات چوہدری شیر علی خان ، چیئرمین پنجاب پاور ڈویلپمنٹ کمپنی ، چیئرمین منصوبہ بندی وترقیات ، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، ممبر واٹر واپڈا، متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :