Live Updates

2016جنرل ہسپتال میں ڈینگی علاج کے سلسلے میں حکمت عملی تیار کرلی‘ پروفیسر خالد محمود

وزیراعلی شہباز شریف کی متحرک قیادت میں رواں برس بھی ڈینگی کو شکست دیں گے‘ پرنسپل پی جی ایم آئی

منگل 12 جنوری 2016 19:24

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 جنوری۔2016ء) پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و امیرالدین میڈیکل کالج پروفیسر خالد محمود نے کہا کہ اﷲ کے فضل اور شعبہ طب سے وابستہ افراد کی دن رات محنت کے نتیجے میں گذشتہ چار سالوں (2012 تا 2015) کے دوران ڈینگی بخار میں مبتلا جنرل ہسپتال آنے والے تمام مریض صحتیاب ہوئے اور 2016میں ڈینگی مریضوں کے علاج معالجے کے سلسلے میں حکمت عملی تیار کرلی گئی ۔

انہوں نے مزید کہا کہ ڈینگی کے بارے میں میڈیکل سٹاف کی تربیت اور عوامی آگاہی کے لیے پی جی ایم آئی و ایل جی ایچ میں تربیتی ورکشاپس اور سیمینارز کا اہتمام کیا جائے گاجبکہ ہسپتال میں صفائی ستھرائی کی مہم پورا سال جاری رکھنے اور ماحول کوحفظان صحت کے اصولوں کے مطابق برقرار رکھنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

گذشتہ روز یہاں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے پروفیسر خالد محمود نے کہا کہ ہمارے ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈکس صلاحیت اور ٹیلنٹ میں کسی سے کم نہیں۔

یہ بات غیر ممالک کے طبی ماہرین نے بھی تسلیم کی ہے ۔وزیر اعلی نے ہمارے ہاں دستیاب اسی صلاحیت اور ٹیلنٹ کو اچھے طریقے سے استعمال کر کے مطلوبہ نتائج حاصل کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایل جی ایچ ڈینگی کے خلاف جنگ میں ہراول دستہ ثابت ہوا ہے اور آنے والے برسوں میں بھی یہ ادارہ شہریوں کو ڈینگی سمیت ہر وبا سے بچانے میں پیش پیش رہے گا۔پرنسپل پی جی ایم آئی نے کہا کہ وزیر اعلی شہباز شریف کی متحرک اور ہمہ گیر قیادت میں پنجاب میں ڈینگی کے خلاف چلائی جانے والی مہم کو جس طرح تمام محکموں، اداروں اور معاشرے کے ہر طبقے نے جانفشانی سے محنت کر کے کامیاب بنایا اس کا اعتراف دیگر ممالک کے ماہرین نے بھی کیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ سری لنکا، تھائی لینڈ اور ملائشیاجہاں ڈینگی سالہا سال سے مسئلہ بنا ہوا ہے ان ملکوں کے طبی ماہرین کا بجا طور پر کہنا ہے کہ اگر 2011ء میں شہباز شریف بروقت اقدامات نہ کرتے توہزاروں انسانی جانوں کا ضیاع ہو سکتا تھا۔پروفیسر خالد محمود نے کہا کہ اس امر کاکریڈٹ وزیر اعلی شہباز شریف کو جاتا ہے کہ جن ممالک سے ہم نے ڈینگی پر قابو پانے کیلئے مدد لی تھی اب وہ ہم سے اس سلسلے میں مدد مانگ رہے ہیں۔

Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :