سینئر اداکار طارق جاوید کی 10ویں برسی (جمعہ)منائی جائیگی

بدھ 13 جنوری 2016 12:34

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 جنوری۔2016ء) فلم اور تھیٹر کے سینئر اداکار طارق جاوید کی 10ویں برسی ( جمعہ ) منائی جائے گی ۔اس موقع پر ایصال ثواب اور قرآن خوانی کا اہتمام ان کی بیوہ اداکارہ شیبا بت کی رہائشگاہ پر کیا جائیگا ۔ طارق جاوید نے اپنے فنی کیریئرکا آغاز فیصل آباد سے کیا اور پھر وہ لاہور آگئے ۔ یہاں آنے کے بعد طارق جاوید تھیٹر کی دنیا میں انتہائی مقبول اداکار بن گئے اور کوئی بھی اسٹیج ڈرامہ ان کے بغیر ادھورا تصور کیا جاتا تھا ۔

انہوں نے متعدد اداکاروں کو تھیٹر کی دنیا میں متعارف کروایا جن میں ببو برال ( مرحوم ) ، سہیل احمد ، نسیم وکی ، سخاوت ناز ، سردار کمال ، طارق ٹیڈی ، طاہر نوشاد ، عابد خان ( مرحوم ، شاہد خان ، گوگا جی ، حسن مراد ، چکوری ، نرگس شامل ہیں جبکہ اداکار نعمان اعجاز کو اپنی فلم میں ہیرو کے طور پر متعارف کروایا ۔

(جاری ہے)

طارق جاوید نے بے شمار اسٹیج ڈراموں میں کام کر کے اپنے فن کا لوہا منوایا اور خاص طور پر ان کا شہرہ آفاق اسٹیج ڈرامہ ” بشیرا ان ٹربل “ جس میں انہوں نے امان اللہ کے ساتھ کام کر کے ملک گیر شہرت حاصل کی اور بعد ازاں امان اللہ کے ساتھ مسلسل 20برس تک کام کرتے رہے ۔

طارق جاوید نے تھیٹر میں لاتعداد اسٹیج ڈراموں میں بطور ڈائریکٹر بھی کام کیا اور پاک بھارت پہلی کو پرودکشن کی فلم ” پنڈ دی کڑی “ میں مرکزی کردار کیا ۔ آخری ایام میں اسٹیج کے اپنوں کی بے وفائی سے دلبرداشتہ ہو چکے تھے اور 15جنوری 2006ء کو کراؤن تھیٹر میں اسٹیج ڈرامے کے دوران اداکاری کرتے ہوئے انہیں ہارٹ اٹیک ہوا ، انہوں نے تین کلمے پڑھے جس کے بعد وہ اپنے خالق حقیقی سے جا ملے ۔