افغانستان میں پاکستانی قونصل خانے کے قریب خودکش حملہ اور فائرنگ ،4 اہلکاروں سمیت 6 افراد ہلاک،11 زخمی

بدھ 13 جنوری 2016 13:14

افغانستان میں پاکستانی قونصل خانے کے قریب خودکش حملہ اور فائرنگ ،4 ..

جلال آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔13 جنوری۔2016ء ) افغانستان کے صوبہ ننگرہار کے شہر جلال آباد میں قائم پاکستانی قونصل خانے کے باہرخودکش دھماکے اور فائرنگ کے نتیجے میں 4 پولیس اہلکاروں سمیت 6 افراد ہلاک اور11 زخمی ہوگئے ،حملہ آوروں اور افغان سیکیورٹی فورسز کے درمیان کافی دیر تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا ، خودکش حملے کے بعد پاکستانی قونصل خانہ بند کردیا گیا۔

بدھ کو افغان میڈیا کے مطابق صوبہ ننگر ہار کے شہر جلال آباد میں صبح 8 بجکر 50 منٹ پر خود کش حملہ آور نے پاکستانی قونصل خانے میں داخل ہونے کی کوشش کی، ناکامی پر اس نے ویزے کے حصول کے لئے لگی قطارکے پاس پہنچ کرخود کو دھماکے سے اڑا لیا اس دوران فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئی ہیں۔ حملے میں پاکستانی قونصل خانے کے ملازمین کے بھی زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

(جاری ہے)

افغان وزارت داخلہ کے ترجمان نجیب دانش نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ قونصل خانے کے باہر دھماکے سے قبل فائرنگ ہوئی تھی، جیسے ہی پولیس اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچے تو دھماکا ہوگیا۔ دھماکے میں ہلاک ہونے والوں میں 2 پولیس افسران بھی شامل ہیں۔عینی شاہدین کے مطابق اس علاقے میں کئی دھماکے سنے گئے ، جبکہ ایک گھر میں چھپے مسلح افراد اور افغان سیکیورٹی اہلکاروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا ، دھماکوں اور فائرنگ کے بعد قریب کے رہائشی علاقے اور اسکولوں کو خالی کرالیا گیا۔

سکیورٹی اہلکاروں کے مطابق ابھی بھی دیگرحملہ آور پاکستانی قونصل خانے کی حدود میں موجود ہوسکتے ہیں۔ واضح رہے کہ جلال آباد میں پاکستانی قونصل خانے کے قریب ہی بھارتی قونصل خانے کی عمارت بھی ہے اور رواں ماہ اب تک افغانستان کے مختلف شہروں میں 2 بھارتی قونصل خانوں کو نشانہ بنایا جاچکا ہے۔ادھر افغان صدر اشرف غنی نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے ۔