وہ دن دور نہیں جب صوبہ بھر سے غربت کا خاتمہ مکمل طور پر ہو جائے گا‘ رانا ارشد

بدھ 13 جنوری 2016 16:27

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 جنوری۔2016ء)پارلیمانی سیکرٹری انفرمیشن و کلچر رانا محمد ارشد نے کہا ہے کہ مو جودہ مالی سال میں سماجی شعبوں کی ترقیاتی منصوبہ جات کے لئے مختص رقم119 ارب روپے پنجاب حکومت کی سماجی شعبے کی ترقی کے لئے بھر پور کاوشو ں کا مظہر ہے،حکومت سماجی تحفظ کے سلسلے میں پنجاب بھر کے پسماندہ ترین افراد تک رسائی حاصل کر کے انکو سماجی و معاشی مشکلات سے نجات دلانے کے لئے اپنی ذمہ داریوں سے پوری طرح آ گاہ ہے۔

سب کے لئے تعلیم، صحت، خوراک،صاف پانی،ذرائع آمد و رفت کی بہتری، بلا سود قرضوں کی فراہمی اورقدرتی آفات کی وجہ سے ہنگامی حالات میں معاونت فراہم کرنا حکومت کی اہم اور اولین ترجیحات میں سے ہیں۔حکومت2018ء تک تقریبا بیس لاکھ افراد کو ہنر سازی کی تربیت دینے کا ارادہ رکھتی ہے عمر رسیدہ افراد جو کہ اپنی مدت ملازمت پوری کر چکے ہیں انکے لئے حکومتی کاوشوں سے شراکتی بنیادوں سماجی تحفظ کے مختلف منصوبے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا ایسے کم آمدنی والے افرادکے لئے بھی حکومت نے متعدد منصوبے شروع کئے ہو ئے ہیں۔حکومت نے ان کے لئے غیر مشروط رقوم کی فراہمی جیسے گزارہ الاؤنس،بیت المال اور دیگر آمدنی میں ا ضافہ کی سکیموں کے ذریعے یقینی بنانے کی کوشش کرتی ہے۔ اس سلسلے میں خدمت کارڈ پروگرام غریب اور پسماندہ طبقہ کے لئے تازہ ہوا کا جھونکا ثابت ہو گا۔وہ دن دور نہیں جب صوبہ بھر سے غربت کا خاتمہ مکمل طور پر ہو جائے گا۔