بلاول نے ر نگین بسوں پرتنقید کی تو حکمران لال پیلے ہوگئے‘مسلسل تنقید کے باوجودحکمرانوں کی ڈھٹائی اورکمائی میں کوئی کمی نہیں آئی

پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرین کے مرکزی رہنما محمد اشرف بھٹی کا اجتماع سے خطاب

بدھ 13 جنوری 2016 18:11

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔13 جنوری۔2016ء)پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرین کے مرکزی رہنما محمد اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ بلاول بھٹونے رنگارنگ بسوں پرتنقید کی تو حکمران لال پیلے ہوگئے۔پنجاب کے آٹھ کروڑعوام کوبے بس کر کے شعبدہ بازوں نے دوشہروں میں میٹروبس چلادی اوراس سروس کی ناکامی کے باوجودکامیابی کاڈھول پیٹ رہے ہیں ۔

خوشامدپسندحکمرانوں سے تنقید برداشت نہیں ہوتی اورنہ وہ اپنی اصلاح کی کوشش کرتے ہیں ۔مسلسل تنقید کے باوجودحکمرانوں کی ڈھٹائی اورکمائی میں کوئی کمی نہیں آئی ۔وہ بلھے شاہ روڈ پرایک اجتماع سے خطاب کررہے تھے ۔محمداشرف بھٹی نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے لاہورمیں ڈیرے کیا ڈالے تخت لاہور کے پھٹے ڈھیلے ہوگئے ۔بلاول بھٹوزرداری کے حالیہ دورلاہورسے قومی سیاست میں ہلچل پیداہوگئی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے رہنماؤں کی پیپلزپارٹی میں آمد قائدعوام ذوالفقارعلی بھٹو شہید اوربینظیر بھٹو شہید کے فلسفہ سیاست اورتصور جمہوریت پراعتماد کامظہر ہے۔یہ توابھی شروعات ہے عنقریب پنجاب سے حکمران جماعت کے اہم لوگ پیپلزپارٹی میں آنیوالے ہیں کیونکہ جعلی حکومت کاٹائی ٹینک غرقاب ہونے کاوقت نزدیک آگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات کے بعد پنجاب میں وزیراعلیٰ ہاؤس اورگورنر ہاؤس جئے بھٹو کے نعروں سے گونج اٹھیں گے۔ لاہورسمیت پوراپنجاب پھرسے پیپلزپارٹی کاقلعہ بنے گااجبکہ ہمارے کسان اور مزدوراس ملک پرراج کریں گے۔