سعودیہ ،ایران تنازعہ کو فرقہ واریت نہ بنایا جائے،علامہ ممتاز اعوان

شیعہ ،سنی تفریق امریکن سی آئی اے کا ایجنڈا ہے ،کل مسالک ورلڈ پاسبان ختم نبوت

بدھ 13 جنوری 2016 18:54

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔13 جنوری۔2016ء) کل مسالک”ورلڈ پاسبان ختم نبوت“کے سربراہ علامہ محمد ممتاز اعوان ،مفتی عاشق حسین رضوی،مولانا محمد نعیم بادشاہ سلفی،حافظ محمد زبیر ورک ،علامہ وقار حیدر نقوی،صاحبزادہ اسامہ اجمل قاسمی اور ترجمان ختم نبوت حافظ شعیب الرحمن نے کہا ہے کہ سعودی عرب اور ایران کے درمیان ہونیوالی کشیدگی اور سیاسی تنازعہ کو ہرگز فرقہ واریت نہ بنائی جائے کیونکہ ایران ،سعودیہ تنازعہ کو فرقہ وارانہ رنگ دینے سے مسلمانوں کا شیرازہ بکھر سکتا ہے علامہ ممتاز اعوان نے کہا کہ دنیا بھر میں شیعہ سنی فسادات اور مسلمانوں میں شیعہ ،سنی تفریق درحقیقت امریکن سی آئی اے کا ہی ایجنڈاہے انہوں نے کہا کہ اس وقت کفر کی طاقتیں مسلمانوں کو باہم لڑا کر مذہب اسلام کو بدنام اور مسلمانوں کو کمزوراور انکے وسائل پر قبضہ کرنا چاہتی ہیں ان حالات میں سعودی عرب اور ایران حالات صحیح ادراک کریں اور اپنے اختلافات کو مزید بڑھانے کے بجائے اسے ختم کرنے کیلئے آگے بڑھیں اور اپنے اختلافات کومزاکرات اور سفارتی سطح پرحل کریں یہی پورے عالم اسلام کی آواز اور مطالبہ ہے۔